بینکوں کے ڈیپازٹس،مختصرمدت کے قرضوں اور سرمایہ کاری میں فروری کے دوران اضافہ

منگل 21 مارچ 2023 14:02

بینکوں کے ڈیپازٹس،مختصرمدت کے قرضوں اور سرمایہ کاری میں   فروری کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2023ء) بینکوں کے ڈیپازٹس،مختصرمدت کے قرضوں اور سرمایہ کاری میں میں فروری کے دوران سالانہ بنیادوں پر اضافہ ریکارڈکیاگیاہے ۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق فروری 2023 میں بینکوں کے ڈیپازٹس کاحجم 22921 ارب روپے ریکارڈکیاگیا جوفروری 2022 کے مقابلہ میں 15.1 فیصدزیادہ ہے، فروری 2022 میں بینکوں کے ڈیپازٹس کاحجم 19914 ارب روپے ریکارڈکیاگیاتھا۔

جنوری کے مقابلہ میں فروری میں بینکوں کے ڈیپازٹس میں ماہانہ بنیادوں پر0.7 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔سٹیٹ بینک کے مطابق بینکوں کے مختصرمدتی قرضوں کے حجم میں فروری کے دوران سالانہ بنیادوں پر17.7 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔فروری میں بینکوں کے مختصرمدت کے قرضوں کاحجم 11723 ارب روپے ریکارڈکیاگیا جوگزشتہ سال فروری میں 9961 ارب روپے تھا۔

(جاری ہے)

جنوری کے مقابلہ میں فروری میں بینکوں کے مختصرمدتی قرضوں کے حجم میں ماہانہ بنیادوں پر0.5 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔سٹیٹ بینک کے مطابق بینکوں کی سرمایہ کاری(سٹاک) میں فروری کے دوران سالانہ بنیادوں پر30.6 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔ فروری میں بینکوں کی سرمایہ کاری (سٹاک) کاحجم 18973 ارب روپے ریکارڈکیاگیاجوگزشتہ سال فروری میں 14541 ارب روپے تھا۔جنوری کے مقابلہ میں فروری میں بینکوں کی سرمایہ کاری میں ماہانہ بنیادوں پر1.6 فیصد کمی ریکارڈکی گئی ہے۔