Live Updates

کمپٹیشن کمیشن اور ایف پی سی سی آئی کے زیراہتمام کمپٹیشن لاء کی اہمیت پر سیشن کا انعقاد

جمعرات 8 مئی 2025 19:16

کمپٹیشن کمیشن اور ایف پی سی سی آئی کے زیراہتمام کمپٹیشن لاء کی اہمیت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2025ء) کمپٹیشن کمیشن (سی سی پی) کی جانب سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) اسلام آباد میں کمپٹیشن لاء سے متعلق ایک سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں معاشی ترقی، سرمایہ کاری اور صارفین کی بہبود کے لئے کمپٹیشن قوانین کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ سی سی پی وفد کی سربراہی ڈائریکٹر جنرل ایڈووکیسی احمد قادر نے کی۔

وفد میں سینئر ڈائریکٹر و سربراہ شعبہ کارٹیل اینڈ ٹریڈ ابیوز سلمان ظفر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر مرجرز اینڈ ایکویزیشنز نعمان احمد اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر آفس آف فیئر ٹریڈ امین اکبر بھی شامل تھے۔ سیشن میں ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ، نائب صدر کے علاوہ چیمبر ممبران نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

ایف پی سی سی آئی کی جانب سے صدر عاطف اکرام شیخ، نائب صدر طارق جدون، چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس کریم عزیز ملک، چیئرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل حسین کے علاوہ مختلف شعبوں اور تجارتی تنظیموں سے وابستہ چیمبر ارکان نے سیشن میں شرکت کی۔

ڈائریکٹر جنرل احمد قادر نے سیشن کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ کمپٹیشن کمیشن آزادانہ تجارت اور صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لئے نہایت اہم کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی ترقی کے لئے مارکیٹ میں منصفانہ مقابلے کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ سیشن کے دوران سینئر ڈائریکٹر سلمان ظفر نے کمپٹیشن قوانین پر ایک تفصیلی پریزینٹیشن دیتے ہوئے کہا کہ کمپٹیشن کمیشن ان قوانین پر عملدرآمد کے اپنے عزم پر کاربند ہے اور اس مقصد کے لئے کمیشن مسلسل ایف پی سی سی آئی سمیت مختلف شعبوں سے وابستہ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعاون بھی یقینی بنا رہا ہے۔

صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کمیشن کی منصفانہ مقابلے کو فروغ دینے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اپنی حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ ملکی معاشی ترقی کے لئے آزادانہ اور شفاف کاروباری ماحول نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ ریگولیشنز میں مثبت تبدیلیاں لا کر کاروباری ماحول کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ایف پی سی سی آئی ممبران نے سیشن میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے کمپٹیشن قوانین کے مختلف پہلوؤں خصوصاً خفیہ کاروباری معاہدوں اور غالب پوزیشن کے غلط استعمال کے پاکستان کی معیشت پر پڑنے والے منفی اثرات کے بارے میں کمیشن کے وفد سے تفصیلی معلومات حاصل کیں۔

کمپٹیشن کمیشن اور ایف پی سی سی آئی نے تاجروں کے لئے مستقبل میں بھی ایسے سیشنز کے انعقاد میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔سیشن کے اختتام پر آٹو موبائل، خوردنی تیل، پلاسٹک و فرنیچر مینوفیکچرنگ انڈسٹری سے وابستہ ایف پی سی سی آئی ممبران کے مختلف سوالات پر کمیشن کے وفد میں شامل ممبران نے تسلی بخش جواب دیئے۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات