اخوت جیسے ادارے پاکستانی معاشرے کیلئے نعمت سے کم نہیں،صدرفیصل آبا د چیمبر آف کامرس

بدھ 22 مارچ 2023 13:13

اخوت جیسے ادارے پاکستانی معاشرے کیلئے نعمت سے کم نہیں،صدرفیصل آبا ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2023ء) اخوت جیسے ادارے پاکستانی معاشرے کیلئے نعمت سے کم نہیں جن کی وجہ سے لاکھوں گھرانوں کو غربت سے نکال کر خود انحصاری کی راہ پر ڈالا جا چکا ہے۔ یہ بات فیصل آبا د چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے اخوت فاؤنڈیشن کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے اخوت کے بانی ڈاکٹر امجد ثاقب کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے جس طرح محدود مالی وسائل سے اس تنظیم کا آغاز کر کے بڑے پیمانے پر لوگوں کی زندگیاں تبدیل کیں وہ کسی معجزہ سے کم نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دراصل ان کی نیک نیتی، بہترین انتظامی صلاحیتوں اور قرضوں کی تقسیم میں شفافیت نے اخوت کو ایسی تنظیم کے طور پر نمایاں کیا جس پر لوگ آنکھیں بند کر کے بھروسہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ فیصل آباد کی تاجر اور صنعتکار برادری اس تنظیم سے تعاون کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھیں گے تاکہ ملک سے غربت، جہالت، پسماندگی اور بے روزگاری کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔ ڈاکٹر خرم طارق نے ڈاکٹر امجد ثاقب کو ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر انھیں ایشین نوبل پرائز رومن میگسیسے ملنے اور عالمی نوبل پرائز کیلئے پاکستان کی طرف سے نامزد ہونے پر بھی مبارکباد دی۔

متعلقہ عنوان :