یو اے ای اور ایران کے تعلقات میں تاریخی پیشرفت

ایران نے 8 سال بعد متحدہ عرب امارات میں سفیر تعینات کردیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 5 اپریل 2023 12:04

یو اے ای اور ایران کے تعلقات میں تاریخی پیشرفت
ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 اپریل 2023ء ) ایران نے 8 سال بعد متحدہ عرب امارات میں اپنا سفیر تعینات کردیا۔ ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ نے رضا امیری کو متحدہ عرب امارات میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نئے سفیر کے طور پر تعینات کیا ہے، اسلامی جمہوریہ ایران کا متحدہ عرب امارات میں تقریباً آٹھ سال سے کوئی سفیر نہیں ہے اور 2016ء کے بعد امیری خلیجی ملک میں پہلے سفیر ہیں، رضا امیری وزارت خارجہ میں ایرانی محکمہ خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، وہ اس سے قبل الجزائر، سوڈان اور اریٹیریا میں بھی ایران کے سفیر رہ چکے ہیں۔

متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اماراتی سفیر کی تہران واپسی دونوں ملکوں کے دفاتر خارجہ کے درمیان رابطہ مہم کے تحت سفارتی روایات کے تحت ہورہی ہے، یہ فیصلہ ایران کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنے کی کوششوں اورسفیر کے عہدے تک سفارتی نمائندگی بڑھانے کے سابقہ فیصلے کی روشنی میں کیا گیا ہے، ایران میں امارات کے نئے سفیر دونوں پڑوسی ممالک اور خطے کے مشترکہ مفادات کی تکمیل کے لیے کام کریں گے، یہ فیصلہ دونوں ممالک اور وسیع ترخطے کے مشترکہ مفادات کے حصول اور دو طرفہ تعلقات کے مزید فروغ میں معاون ہوگا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے 2012 میں ایران کے سابق صدر محمود احمدی نژاد کے متنازع جزیرے ابو موسیٰ کے دورے کے بعد تہران سے اپنے سفیر کو واپس بلالیا تھا تاہم تہران میں اماراتی سفیر کے تقررکا اعلان 26 جولائی کو متحدہ عرب امارات کے وزیرخارجہ عبداللہ بن زاید اور ان کے ایرانی ہم منصب حسین امیرعبداللہیان کے درمیان ہونے والی فون کال کے بعد کیا گیا تھا۔

معلوم ہوا ہے کہ ایران کے سابق صدر احمدی نژاد نے اپنے دور حکومت میں خلیجی علاقوں کے حصے کے طور پر اس متنازع جزیرے کا دورہ کیا تھا، ابوموسیٰ متحدہ عرب امارات کے ساحل سے قریباً 60 کلومیٹر دور واقع ہے اور خلیجی ملک اسے آبنائے ہرمز کے قریب واقع 2 دیگر چھوٹے جزائر کے ساتھ اپنا خود مختارعلاقہ قرار دیتا ہے تاہم ایران نے 1971 میں ان جزائر پر کنٹرول کا دعویٰ کیا تھا۔