کراچی،موبائل چوری کے الزام میں شہری کو رسی سے باندھ کر ٹھیکے دار کا تشدد،ویڈیو منطرعام پر آگئی

اتوار 4 جون 2023 17:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2023ء) شہر قائد میں شہری پر چوری کا الزام لگا کر رسیوں سے باندھ کر تشدد کرنے کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کوثر نیازی کالونی کے قریب علاقہ مکین پر موبائل چوری کا الزام لگا کر گجر نالے پر پرائیویٹ ٹھیکیدار نے اپنی عدالت لگا لی۔واقعے کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں شہر کو باندھ کر اس پر بد ترین تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے، یہ واقعہ گزشتہ روز نارتھ ناظم آباد بلاک جی گجر نالے پر پیش آیا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ بااثر شخص نے گجر نالے پر شہری کو رسیوں کے ساتھ باندھ کر تشدد کا نشانہ بنایا، تشدد میں ٹھیکے دار کا بیٹا بھی باپ کا ساتھ دیتا رہا، اور شہری کو کم از کم 6 گھنٹوں تک رسیوں سے باندھ کر رکھا گیا۔سیکڑوں افراد وہاں کھڑے تماشا دیکھتے رہے مگر کسی نے نہیں روکا، اس دوران حیرت انگیز طور پر پولیس بھی موقع پر نہیں پہنچ سکی۔اس واقعے سے متعلق مزید معلومات حاصل نہیں ہو سکی ہیں، تاہم شہریوں میں اپنی عدالت لگا کر تشدد کا رجحان خطرناک حد تک بڑھ رہا ہے، جو تشویش ناک ہے۔