خیبرپختونخوا حکومت نے دو روز قبل قتل ہونیوالے سکھ تاجر منموہن سنگھ کے لواحقین کیلئے 10 لاکھ روپے مالی امداد کااعلان کردیا

پیر 26 جون 2023 20:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2023ء) خیبرپختونخوا کی نگران حکومت نے دو روز قبل قتل ہونے والے سکھ تاجر منموہن سنگھ کے لواحقین کے لیے 10 لاکھ روپے مالی امداد کااعلان کردیاہے۔ نگران وزیر اطلاعات خیبرپختونخوابیرسٹرفیروزجمالشاہ کاکاخیل نے کہا کہ سکھ برادری سمیت تمام اقلیتوں کیساتھ کھڑے ہیں۔کسی کو علاقے کاامن اوربھائی چارے کی فضاخراب کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔

نگران وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز جمالشاہ کاکاخیل نے گردوارہ بھائی جوگا سنگھ محلہ جوگن شاہ پکا دورہ کیا ۔دو روز پہلے قتل ہونے والے سکھ تاجر منموہن سنگھ کے لواحقین اور سکھ برادری کے رہنماؤں سے تعزیت کی۔بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے منموہن سنگھ کے والد اور بھائی سے دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے نگران وزیراعلی کی جانب سے منموہن سنگھ کے لواحقین کے لیے مالی امداد کا اعلان بھی کیا ۔

بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل کا کہنا تھا کے مقتول منموہن سنگھ کے لواحقین کو10 لاکھ روپے مالی امداد دی جائے گی ۔ملزمان کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔ کسی کو علاقے کا امن اور بھائی چارے کی فضا خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔سکھ برادری سمیت تمام اقلیتوں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔نگران صوبائی وزیر نے زخمی ترلوک سنگھ کے گھر جاکر ان کی عیادت کیاور ترلوک سنگھ کے علاج کے لیے 5 لاکھ روپے کی مالی معاونت کا اعلان بھی کیا۔