کرم ،کرک میں لڑائی جھگڑے ،ٹریفک حادثے میں 10افراد زخمی ہوگئے

پیر 3 جولائی 2023 21:40

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2023ء) قبائلی ضلع کرم اور کرک میں لڑائی جھگڑے اور ٹریفک حادثے میں مجموعی طورپر10افراد شدید زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں میں تین خواتین اور ایک بچی بھی شامل ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق قبائلی ضلع کرم کی لوئر تحصیل کے مضافاتی علاقہ ششو جندری میں پیر کے روز دو فریقین کے مابین خونریز تصادم کے نتیجے میں پانچ افراد شدید زخمی ہوگئے ۔

اطلاعات کے مطابق دوفریقین حاجی فضل وہاب اور عید مت خان میں زبانی تکرار کے بعد ہاتھا پائی شروع ہوئی جس کے بعد چاقو اور چھریوں کا آزادانہ استعمال ہوا جس کے نتیجے میں پانچ افراد ولی الرحمن، سراج الدین، عابد الرحمن، سید الرحمن اور فضل وہاب بری طرح زخمی ہوئے جنہیں ابتدائی طورپر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال صدہ پہنچا دیا گیا جہاں سے بعدازاں انہیں تشویشناک حالت میں پشاورمنتقل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

ادھرکرک کی حدودمیں انڈس ہائی وے پر نشپہ پلانٹ کے قریب موٹر کار حادثے کا شکارہوگئی ۔ریسکیو 1122کے مطابق حادثہ ٹائر پھٹنے کے باعث پیش آیا جس کے نتیجے میں تین خواتین اور ایک بچی سمیت پانچ افراد شدید زخمی ہوگئے۔ریسکیو ٹیم نے جائے حادثہ پرپہنچ کر زخمیوں کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد دے کر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کرک منتقل کردیا۔ حادثہ میں زخمی ہونے والے کی شناخت سحر سکنہ گانڈی چوک سرائے نورنگ کے نام سے ہوئی ہے۔