پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت جنگی بحری جہاز "پی این ایس طارق" برطانیہ کے سپرد کر دیا

پی این ایس طارق 4 اگست 2023کو پاک بحریہ کے بیڑے سے سبکدوش کیاگیا اور حکومت پاکستان کی جانب سے برطانوی فرم فالس آف کلائیڈ انٹرنیشنل کو تحفے میں دیا گیا ہے

منگل 26 ستمبر 2023 22:50

پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت جنگی بحری جہاز "پی این ایس طارق" برطانیہ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2023ء) پاکستان بحریہ سے سبکدوش ہونے والے جہاز پی این ایس طارق کی برطانیہ کے فالس آف کلائیڈ انٹرنیشنل کو منتقلی کی تقریب پاکستان ہائی کمیشن لندن میں منعقد ہوئی۔چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ رائل برٹش نیوی کے سابق فرسٹ سی لارڈ اور چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل لارڈ ایلن ویسٹ نے بطور گیسٹ آف آنر تقریب میں شرکت کی۔

پی این ایس طارق 4 اگست 2023کو پاک بحریہ کے بیڑے سے سبکدوش کیاگیا اور حکومت پاکستان کی جانب سے برطانوی فرم فالس آف کلائیڈ انٹرنیشنل کو تحفے میں دیا گیا ہے جہاں اسے فلوٹنگ میوزیم میں تبدیل کیا جائے گا۔ یہ جہاز گلاسگو کے کلائیڈ میری ٹائم ہیری ٹیج سنٹر میں رائل برطانوی اور پاکستانی بحری افواج کے مشترکہ بحری ورثے کی علامت کے طور پر نمائش کے لیے رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈمرل لارڈ ایلن ویسٹ نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کی بحری افواج اورعوام کے مابین قریبی تعلقات پی این ایس طارق کی منتقلی جیسے تاریخی معاہدے سے عیاں ہیں،جو ایک ایسا جہاز ہے جس نے کئی سالوں تک دونوں ممالک کی نمائندگی کی اور بحری دفاع کا حصہ رہا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پاکستان کے دفاع کے لیے سابقہ پی این ایس طارق کی شاندار خدمات کا اعتراف کیا۔

مہمان خصوصی نے امید ظاہر کی اس تاریخی جہازکو فالس آف کلائیڈ انٹرنیشنل کے حوالے کرنے سے برطانیہ اور پاکستان کے درمیان دوستی کے رشتے مزید مضبوط ہوں گے کیونکہ یہ جہاز آ نے والے وقتوں میں دونوں بحری افواج کے مشترکہ بحری ورثے کی علامت بنے گا۔1993 میں پاک بحریہ میں کمیشن ہونے سے قبل پی این ایس طارق نے رائل نیوی برطانیہ میں اٹھارہ سال تک بطور ایچ ایم ایس ایمبسکیڈ خدمات انجام دیں اور فاک لینڈز جنگ میں حصہ لیا۔

اس جہاز نے پاک بحریہ میں تین دہائیوں تک خدمات انجام دیں، کئی آپریشنل تعیناتیوں میں اپنا لوہا منوایا اور ایک ہمہ وقت تیارجنگی جہاز کی حیثیت سے شہرت حاصل کی۔ 2005 میں بحرِ ہند میں سونامی کے دوران مالدیپ میں سرچ اور ریسکیو مشن میں جہاز نے حصہ لیا اور مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 377 سیاحوں کی قیمتی جانیں بچانے میں مدد کی۔تقریب کی میزبانی برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کی جس میں فالس آف کلائیڈ انٹرنیشنل کے ڈائریکٹر ڈیوڈ اونیل، رائل نیوی کے سابق افسران اور برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔