ڑ*ہوم اکنامکس یونیورسٹی میں بیگم رعنا لیاقت علی سنٹر فار ٹریننگ کا افتتاح

ہفتہ 7 اکتوبر 2023 05:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اکتوبر2023ء) ہوم اکنامکس یونیورسٹی میں چیئرپرسن پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شاہد منیر نے بیگم رعنا لیاقت علی سنٹر فار ٹریننگ کا افتتاح کر دیا ۔ افتتاحی تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فلیحہ زہرا کاظمی، سینئر تجزیہ گار سلمان عابد ، ڈاکٹر عائشہ صدیقہ، ڈاکٹر طیبہ سہیل، ڈائریکٹر کیو ای سی احمد فراز، رجسٹرار شجاعت منیف قریشی سمیت اساتذہ اور طالبات نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ رعنا لیاقت علی کو خراج تحسین پیش کرنے کا یہ بہترین طریقہ ہے، یونیورسٹی میں فیکلٹی ڈویلپمنٹ سنٹر کا ہونا بنیادی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ اساتذہ کو ٹریننگ دینے کے بعد کلاس روم میں بھیجنے سے کوالٹی بڑھتی ہے اور ایک اچھا استاد بنانے میں نالج اور سکلز کا کلیدی کردار ہوتا ہے، ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ ملک کی آدھی آبادی گھروں میں بند کرنے سے قوم ترقی نہیں کر سکتا، یونیورسٹی اساتذہ اور طالبات اینٹرپرینورشپ پر آئیڈیاز تخلیق کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پنجاب ایچ ای سی یونیورسٹیوں کیلئے انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن فریم ورک نافذ کرنے جا رہی ہے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر فلیحہ زہرا کاظمی نے کہا کہ بیگم رعنا لیاقت علی خان نے پاکستان میں خواتین کی ترقی کے لیے بہت کام کیا اور اس سنٹر کے ذریعے سے خواتین کو ایمپاور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی اساتذہ اور افسران کو اس سنٹر کے تحت تربیت دی جائے گی۔

تقریب سے خطاب میں سلمان عابد نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں تعلیمی معیار کو بڑھانے کے لیے ٹریننگ کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ تقریب میں پنجاب یونیورسٹی سے ڈاکٹر امجد مگسی نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر یونیورسٹی کو ایم ایس آرٹ اینڈ ڈیزائن میں داخلوں کے لیے ایچ ای سی کی جانب سے این او سی ملنے کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا