سعودی عرب مزید مصنوعی سیارے خلا میں بھیجے گا ، خلائی ایجنسی

اتوار 29 اکتوبر 2023 11:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اکتوبر2023ء) سعودی خلائی ایجنسی میں منصوبہ بندی کے سربراہ انجینئر محمد القاسم نے توقع ظاہر کی ہے کہ 2030 تک 15 ہزار سے زیادہ مصنوعی سیارے خلا میں بھیجے جائیں گے۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق خلائی ایجنسی میں منصوبہ بندی کے سربراہ نے کہا کہ سعودی عرب مزید مصنوعی سیارے خلا میں بھیجے گا ۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی سیاروں کی طلب مسلسل بڑھ رہی ہے۔

(جاری ہے)

سعودی خلائی ایجنسی اور وزارت سرمایہ کاری کی کاوشوں سے مصنوعی سیاروں کے شعبے میں پہلی غیرملکی سرمایہ کاری کے حصول میں کامیابی ملی ہے۔ چینی کمپنی اے سپیس سرمایہ کاری کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں خلا ئی شعبے کے حوالے سے بڑی تبدیلی آرہی ہے۔ سالانہ پانچ فیصد شرح نمو ہورہی ہے۔ خلائی معیشت 2040 تک ٹریلین ریال کی حد عبور کرلے گی۔ چین کی بڑی کمپنی اے سپیس نے مملکت میں ترقی یافتہ مصنوعی سیارے تیار کرنے والی فیکٹری کے لیے ایک ارب ریال کا سرمایہ لگایا ہے۔ کمپنی اگلے مرحلے میں سرمایہ کاری کا حجم بڑھائے گی۔