ٹرانس پشاور نے بی آر ٹی آپریشنز کیلئے ایک ارب روپے کی فنڈنگ حاصل کرلی

جمعہ 3 نومبر 2023 15:04

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 نومبر2023ء) خیبر پختونخوا حکومت نے نومبر 2023 تا فروری 2024 کےلیے پشاور بی آر ٹی سروس کے آپریشنز کو روانی کے ساتھ چلانے کے لئے ایک ارب روپے کا بجٹ مختص کر دیا ہے۔ ٹرانس پشاور سے جاری بیان کے مطابق موجودہ آپریشنز کے لئے فنڈز بھی جاری کردیئے گئے ہیں جو بی آر ٹی کے سروس پرووائڈرز کی بقایا ادائیگیوں کے لئے استعمال ہوں گے۔

فنڈز کی کمی کی وجہ سے سروس بند یا محدود ہونے کی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں۔ ٹرانس پشاور، پشاور کے رہائشیوں کو معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں نگران وزیر اعلی کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ اور ہائوسنگ جناب ظفراللہ خان نے بی آر ٹی کے بلا تعطل آپریشنز کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بی آر ٹی پشاور اس وقت روزانہ 3 لاکھ مسافروں کو سفری سہولت فراہم کررہا ہے۔

انہوں نے خیبر پختونخوا حکومت اور خاص طور پر وزیر خزانہ احمد رسول بنگش صاجب کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے بر وقت فنڈز کے اجرا میں معاونت کی، یہ فنڈز سروس پرووائڈرز کو واجب الادا ادائیگیوں میں اہم کردار ادا کریں گے، پشاور کے عوام کو اعلیٰ معیار کی سفری سہولت کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔