صحت مند آبادی کے لئے فارماسسٹ بنیادی کردار ادا کرتا ہے، وائس چانسلر سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی

منگل 5 دسمبر 2023 21:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2023ء) فارمیسی ایک متحرک شعبہ ہے جو دنیا بھر میں صحت کی دیکھ بھال کے نظام میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔ صحت مند معاشرے کے لئے فارماسسٹ بھی اتنا ہی ضروری ہے جتنا کہ ایم بی بی ایس ڈاکٹر کی اہمیت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ساجدہ نورین نے فارمیسی کونسل پاکستان کی جانب سے شعبہ فارمیسی کی اجازت ملنے پر کہی۔

وی سی پروفیسر ڈاکٹر ساجدہ نورین نے کہا کہ فارمیسی ایسا علم ہے جس کے ذریعے طلبہ کو ادوایات کی دریافت اور اس کے مریضوں پر اثرات سے متعلق معلومات دینا ہے، فارمیسی کی تعلیم میں یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ ادویہ سازی میں تحقیق کیسے کی جائے اور اس کی تشکیل نو کا عمل کیا ہے؟ دوا کو کس طرح بیچنا ہے اور مریض کو دوائی کیسے، کب کتنی استعمال کرنی ہے، فارماسٹس ڈاکٹروں اور مریضوں کے درمیان پل کی حیثیت رکھتے ہیں اور اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ صحیح دوائیں محفوظ اور موثر طریقے سے دی جائیں، اب صوبے کی طالبات ڈی فارمیسی کورسزکے ذریعےاس کثیر جہتی پیشے میں مہارت حاصل کریں گی اور فارغ التحصیل ہونے کے بعد شعبہ صحت کی بہتری میں اپنا کردار ادا کریں گی ان کا مزید کہنا تھا کہ صحت مند آبادی کے لئے فارماسسٹ بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔

(جاری ہے)

فارمیسی طبی سائنس اور بنیادی سائنس میں تعلق پیدا کرتی ہے۔ دوا کی تیاری اوراس کے پراثر استعمال کو یقینی بناتی ہے۔