محمد شبیر نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اوپن گالف چیمپئن شپ اپنے نام کرلی

منگل 12 دسمبر 2023 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2023ء) محمد شبیر نے 13ویں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اوپن گالف چیمپئن شپ جیت لی۔ جاری اعلامیہ کے مطابق چیمپئن شپ کی اختتامی اور تقسیم انعامات کی تقریب منگل کو کراچی گالف کلب میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پریذیڈنٹ سروسز سپورٹس کنٹرول بورڈ، ریئر ایڈمرل عبد الباسط نے چیمپئن شپ کے عمدہ انعقاد پر کراچی گالف کلب کے سٹاف اور منتظمین کی انتھک کوششوں کو سراہا اور فاتحین کو ان کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔

انہوں نے اس کھیل کے اعلیٰ معیار کی بھی تعریف کی جو گالف کے شرکاء کے لئے دلچسپ اور معیاری تفریح ثابت ہوئی۔ مزید برآں انہوں نے گالف کے کھیل اور چیمپئن شپ کے انعقاد میں معاونت کرنے پر سپانسرز کا بھی شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

اس سال گالف چیمپئن شپ کی پروفیشنلز کیٹیگری کے 72 ہولز، سینئر اور جونیئر پروفیشنلز کے 36 ہولز،امیچورز اور لیڈیز کے 54 ہولز اور جونیئرز کیٹیگری کے 18 ہولز میچز کے مقابلے ہوئے۔ یہ ایونٹ ملک کا سب سے زیادہ انعامی رقم والا گالف ایونٹ ہے جس میں ملک کے مختلف حصوں سے 400 سے زائد گالفرز نے شرکت کی۔تقریب میں سول و ملٹری افسران، اسپانسرز، گالف کے کھلاڑیوں اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔