نائلہ کیانی آئندہ دو سالوں میں دنیا کی تمام 14 بلند ترین چوٹیاں سر کرنے کیلئے پرعزم

بدھ 20 دسمبر 2023 20:50

نائلہ کیانی آئندہ دو سالوں میں دنیا کی تمام 14 بلند ترین چوٹیاں سر کرنے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 دسمبر2023ء) پاکستان کی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی نے کہا ہے کہ وہ آئندہ دو سالوں کے دوران دنیا کی 8 ہزار میٹر سے بلند تمام 14 چوٹیاں سر کرنے کی مہم مکمل کرنے کی کوشش کریں گی۔وہ آٹھ ہزار یا اس سے زائد بلند 10 چوٹیاں سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما ہیں۔ بدھ کے روز اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر میں اپنا ٹارگٹ جلد از جلد حاصل کرنا چاہتی تھی لیکن شیشاپانگما حادثہ کے بعد میں نے اپنا ارادہ تبدیل کرلیا، اب میں نے تھوڑے وقفے کے ساتھ یہ سنگ میل طے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، امید ہے دو سالوں میں اپنا مشن مکمل کرلوں گی۔

انہوں نے اکتوبر2023 ء میں شیشاپنگما چوٹی پر مہم جوئی کے دوران دو کوہ پیمائوں کے کھو جانے کے بعد چوٹی سے صرف400 میٹر نیچے واپس جانے کا فیصلہ کیا، انہوں نے اعزاز کی بجائے اخلاقیات کو ترجیح دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں کوہ پیمائی کی خطرناک دنیا میں چوٹی تک پہنچنے کی بجائے انسانی زندگی کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ سال2023 ء نائلہ کیانی کے لئے کامیاب ترین سال رہا ، اس دوران وہ چھ ماہ میں متعدد چوٹیاں سر کرنے والے دنیا کے سات کوہ پیمائوں میں سے ایک بن گئی ہیں۔ نائلہ کیانی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آخری چار چوٹیوں کو سر کرنے کے اس بے مثال سفر کے لئے اضافی سپانسرز تلاش کر رہی ہوں۔