معاشرے میں ٹرانسجینڈرز کے حقوق کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کیلئے ضلعی سطح پر کمیٹیاں بنائی جائیں گی ، مشعال ملک

اتوار 7 جنوری 2024 17:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جنوری2024ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ معاشرے میں ٹرانسجینڈرز کے حقوق کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کیلئے ضلعی سطح پر کمیٹیاں بنائی جائیں گی ،انہیں تعلیم،صحت،سماجی تحفظ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی اور منشیات کی روک تھام کے ساتھ ساتھ ٹرانسجینڈرز کو صحت مند سرگرمیوں میں شامل کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عبدالقدیر خان فائونڈیشن اور دریچہ فائونڈیشن کے تعاون سے ٹرانسجینڈر کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ نگران حکومت ٹرانسجینڈر کمیونٹی کے حقوق کے تحفظ کیلئے کوشاں ہے اور سو دن کے منصوبے کے تحت اس کمیونٹی کے افراد کو پالیسی سازی میں شامل کیا جائے گا تاکہ ان لوگوں کے سماجی تحفظ کو نچلی سطح پر یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کہ ٹرانسجینڈر ایکٹ جس کے تحت اس کمیونٹی کو قانونی حیثیت ملی، جائیداد میں حصہ اور بنیادی صحت،تعلیم،جنسی تشدد سے بچاؤ کے لیے اقدامات شامل ہیں کے نفاذ کو ملکی اور علاقائی سطح پر لاگو کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسجینڈر کمیونٹی خود کو کسی سے کم تر مت سمجھیں وہ بھی اس معاشرے کا حصہ اور برابر کے شہری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایسی پالیسیاں بنانے پر غور کر رہی ہے جس میں ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے کمیونٹی کے لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لا کر انکے معیار زندگی کو بہتر کیا جائے۔

دریچہ فائونڈیشن کے سربراہ عثمان نے اس بات پر زور دیا کہ ٹرانسجینڈر کمیونٹی اس معاشرے کا حصہ ہیں اور انہیں مساوی حقوق ملنے چاہیں تاکہ ملکی ترقی میں وہ بھی اپنا حصہ ڈال سکیں۔