بہترین منافع کے حصول کیلئے کاشتکاروں کو مونگ پھلی کی زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کاشت کی ہدایت

منگل 9 جنوری 2024 12:59

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جنوری2024ء) پنجاب میں مونگ پھلی کے زیر کاشت رقبہ میں اضافہ ہوا ہے اور گزشتہ سال 212760ایکڑ رقبہ پر مونگ پھلی کی کاشت سے 89990ٹن پیداوار حاصل کی گئی ہے تاہم اس میں اضافہ کی وسیع گنجائش موجود ہے جبکہ پنجاب میں مونگ پھلی کے زیر کاشت رقبہ میں سے87فیصد چکوال،اٹک اور راولپنڈ ی میں کاشت ہوتا ہے۔ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آبادکے ترجمان کے مطابق مونگ پھلی کے بیج میں 44سے56فیصد اعلیٰ معیار کا خوردنی تیل اور 22سے30فیصد لحمیات پائے جاتے ہیں جبکہ مونگ پھلی کے خوردنی تیل کے استعمال کو فروغ دیکر ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ہر سال خوردنی تیل کی درآمد پر خرچ ہونیوالے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوسکتی ہے۔

انہوں نے بہترین منافع کے حصول کیلئے کاشتکاروں کو مونگ پھلی کی زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کاشت کی ہدایت کی اورکہاکہ کاشتکار مونگ پھلی کی ترقی دادہ اقسام باری 2000،بارڈ 479،گولڈن اور باری 2011 وغیرہ کی کاشت سے شاندارپیداوارکے ساتھ ساتھ اچھے دام بھی حاصل کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہمارے مونگ پھلی کی کاشت کے علاقوں میں پیداواری صلاحیت 40من فی ایکڑ کے قریب ہے مگر ہمارے کاشتکار اوسطاً10سے12من فی ایکڑ پیداوار حاصل کررہے ہیں جس میں جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے ذریعے مزید اضافہ کیاجاسکتاہے۔