مولانا طارق جمیل کا جامعہ اشرفیہ کا دورہ،مہتمم مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی سے ملاقات

منگل 16 جنوری 2024 21:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2024ء) عالمی مبلغ اسلام مولانا طارق جمیل نے ملک کے معروف دینی ادارہ جامعہ اشرفیہ لاہور کا دورہ کرتے ہوئے منگل کے روز یہاں مہتمم مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی، نائب مہتمم و ناظم اعلی مولانا قاری ارشد عبید،مولانا حافظ اسعد عبید،پروفیسر مولانا محمد یوسف خان،مولانا حافظ زبیر حسن، مولانا مفتی احمد علی اور دیگر علما و اساتذہ سے ملاقات کرتے ہوئے مختلف دینی، علمی امور پرباہمی تفصیلی گفتگو کی اس موقع پر مہتمم مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی اور دیگر علما کرام نے مولانا طارق جمیل سے ان کے بیٹے عاصم جمیل کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے لیے دعا مغفرت کی۔

مولانا طارق جمیل نے مسجد حسن جامعہ اشرفیہ میں طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نیکی اور تقوی کے ساتھ ساتھ قرآن و حدیث کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کریں، آپ کوبہترین عالم دین، امام و خطیب بننے کے ساتھ ساتھ دین کا داعی و مبلغ بننا ہے اور اس کے لیے آپ کو اپنے اکابرین اور اسلاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہوئے نسل نو کو دین کے قریب لانے کے لیے دعوت دینے کانبوی طریقہ اور اسلوب اختیار کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آپ کو صرف امام مسجد ہی نہیں بلکہ دین کا بہترین داعی اور مبلغ بھی بننا ہے۔ مولانا طارق جمیل نے کہا کہ انگریز کے خلاف تحریک ریشمی رومال کے بانی شیخ الہندحضرت مولانا محمود الحسن کے ہمراہ مالٹا کے جزیرہ میں تین سال تک قید رہنے والے شیخ الہند کے قابل فخر شاگرد حضرت مولانا عزیر گل سے اجازت سندِ حدیث حاصل کی تھی، میں ان تمام طلبا کواجازت سند حدیث دیتا ہوں۔ اس موقع پر مولانا مفتی شاہد عبید، مولانا عبدالمتین قاسمی، مولانا ناظم اشرف،مولانا اویس حسن،مولانا سعد بن اسعد اور مولانا مجیب الرحمن سمیت دیگر اساتذہ اور علما موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :