عقیدئہ ختم نبوت کا دفاع کرنے والے ہر وقت اسلام کی افضل ترین عبادت میں مصروف ہیں

ہفتہ 20 جنوری 2024 21:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2024ء) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما مولانا عزیز الرحمن ثانی ، مولانا عبدالنعیم، مولانا علیم الدین شاکر،مولانا خالد محمود ، قاری ظہورالحق ، مولانا عبدالعزیز، مولانا سعید وقار، مولانا سمیع اللہ نے بھسین ختم نبوت کانفرنس کی تیاری سلسلے میں مختلف مقامات پر اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عقیدئہ ختم نبوت کا دفاع کرنے والے ہر وقت اسلام کی افضل ترین عبادت میں مصروف ہیں، قادیانی کفرو ارتداد پر ملکی وغیر ملکی عدالتوں کے فیصلے سامنے آچکے ہیں قادیانی گروہ اسلام کا ٹائٹل استعمال کرکے اپنے کفرو ارتداد کو اسلام بناکر پیش کررہا ہے، اسلامیان پاکستان قادیانی فتنہ اور باطل قوتوں کی سرکوبی کیلئے پر امن جدوجہد جاری رکھیں۔

(جاری ہے)

حرمت رسول ﷺ کے تحفظ کا فریضہ سرانجام دینا عقائد اسلام کے تحفظ کے ساتھ ساتھ روحانی واصلاحی تقاضوں کی بھی تکمیل ہے، قادیانی عقائد اسلام میں تحریف کرکے سادہ لوح مسلمانوں کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں مغربی ممالک قادیانیوں کو مسلم سوسائٹی کا حصہ سمجھنے سے گریز کریں ، قادیانی سوشل میڈیا اور فلاحی کاموں کے ذریعے نوجوان نسل کے ایمان وعقیدہ پر ڈاکہ زنی کررہے ہیں۔

علماء نے کہا کہ ختم نبوت کا پلیٹ فارم تمام مسلمانوں کا متفقہ پلیٹ فارم ہے، ہمارے اکابرین نے باہمی اتحاد واتفاق سے اس فتنہ کا مقابلہ کیا، آج ہم یہاں پر اپنے اکابرین کی سنت کو زندہ کررہے ہیں، مختلف دینی جماعتوں کی آراء کے تنوع ، پالیسیوں اور طرز عمل اور متضاد فکر کے باوجود عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کی قیادت کے ساتھ متفق نظر آتے ہیں، یہ تمام تر ختم نبوت کا اعجاز اور اکابرین ختم نبوت کی خلوص بھری محنتوں کا نتیجہ ہے۔