محسن نقوی کا کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور بند روڈ منصوبے کا تفصیلی دورہ ،پیکیج ون 74 فیصد ،پیکیج ٹو 55فیصد مکمل ،اسفالٹ شروع

وزیراعلیٰ پنجاب نی8 کلو میٹر طویل پراجیکٹ کا بابو صابو سے سگیاں تک پیکیج ٹوجبکہ سگیاں سے نیازی چوک تک پیکیج ون کا معائنہ کیا پیکیج ٹو پر کام کی رفتارکو تیز کرنے کا حکم، اسفالٹ کا کام فروری کے پہلے ہفتے تک مکمل کرنے کی ہدایت ، اضافی لیبر لگا کر کام کو جلد مکمل کیا جائے‘محسن نقوی

پیر 22 جنوری 2024 20:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2024ء) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی ڈیڈلائن سے قبل کنٹرولڈ ایکسس کوریڈوربند روڈ پراجیکٹ کی تکمیل کے لیے پوری طرح متحرک ہوگئے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے کنٹرولڈ ایکسس کوریڈوربند روڈ منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا۔وزیراعلی نے 8 کلو میٹر طویل پراجیکٹ کا کئی مقامات پر معائنہ کیا اور پیش رفت کا جائزہ لیا ۔

بابو صابو سے سگیاں تک پیکیج ٹو کا 55 فیصد جبکہ سگیاں سے نیازی چوک تک پیکیج ون کا74 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔وزیر اعلی محسن نقوی نے بابو صابو سے سگیاں تک پیکیج ٹو اور سگیاں سے نیازی چوک تک پیکیج ون پر جاری کاموں کا مشاہدہ کیا ۔وزیر اعلی نے تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا اورسائیڈ روڈ ز کو ملانے والے پلوں پر تعمیرات کی رفتار کا مشاہدہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی نے پیکیج ٹو پر کام کی رفتارکو تیز کرنے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ اضافی لیبر فورس لگا کر کام کو جلد مکمل کیا جائے۔ وزیراعلی محسن نقوی نے دونوں پیکجز پر اسفالٹ کا کام فروری کے پہلے ہفتے تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلی نے ہدایت کی کہ کوریڈور کو ٹریفک کیلئے کھولنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت سگیاں کے سائٹ آفس میں اجلاس منعقدہوا،جس میں منصوبے کی تکمیل کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کنٹریکٹرز کوپراجیکٹ پر کام کی رفتار بڑھانے کے لئے ہدایات دیں۔وزیراعلی محسن نقوی کوکمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے اور کنٹریکٹرز نے منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ اظفر علی ناصر، سیکرٹری ہاؤسنگ، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، کمشنر لاہورو ڈی جی ایل ڈی اے،، سی سی پی او لاہور، سی ٹی او لاہور،چیئرمین پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بورڈ ڈاکٹر فرقد عالمگیر، چیف انجینئر ایل ڈی اے، ایم ڈی واسا اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔