فیصل آباد ، موسم بہار کی شجر کاری مہم کے دوران 20لاکھ پودےلگانے کاہدف مقرر

بدھ 24 جنوری 2024 14:54

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2024ء) محکمہ جنگلات فیصل آباد کے ترجمان نے کہا ہے کہ فیصل آباد میں موسم بہار کی شجر کاری مہم کے دوران 20لاکھ نئے پودے لگانے کاہدف مقرر کیاگیا ہے جن میں سے محکمہ تعلیم ساڑھے8 لاکھ، محکمہ صحت ڈیڑھ لاکھ،کوآپریٹو، شاہراہ، ریونیو ڈیپارٹمنٹ 50،50ہزار پودے لگائے گا۔ انہوں نے اے پی پی کو بتایاکہ موسم بہار کی شجر کاری مہم کے دوران تحصیل جڑانوالہ کو 50 ہزار، تاندلیانوالہ، سمندری، چک جھمرہ کو 5،5 ہزار پودے لگانے کا ہدف دیاجارہاہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے محکمہ کے پاس شیشم، کیکر، سمبل، جامن، ایلسٹونیا اور باٹل برش کے پودے اور قلمیں خاطر خواہ تعدادمیں موجود ہیں جو سستے داموں پر فراہم کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایاکہ ضلع میں شجرکاری کی یہ مہم رسمی نہیں ہوگی بلکہ ہدف سے زائد پودے لگانے کے ساتھ ساتھ ان کی نشو و نما اوردیکھ بھال کے لئے بھی محکمانہ ذمہ داریوں کو پورا کیاجائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شجرکاری مہم میں ضلع میں نمبرداروں کو پودے لگانے کا ہدف دے کر اس پر عملدرآمد کو یقینی بنایاجائے جبکہ مختلف شاہراہوں کے اطراف میں پودے لگانے کا پروگرام بھی مرتب کیا جائے۔ انہوں نے ٹی ایم اوز کو ہدایت کی کہ منی فاریسٹ کی ترویج کے لئے ضلع میں دستیاب کم از کم دس مقامات پر بھر پور شجرکاری کی جائے تاکہ ماحولیاتی و فضائی آلودگی کاخاتمہ ممکن ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :