قومی وطن پارٹی خیبر پختونخوا میں نوجوانوں کیلئے روزگار کی فراہمی کیلئے منصوبے شروع کرے گی، آفتاب احمد خان شیرپاؤ

جمعہ 26 جنوری 2024 22:55

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2024ء) قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ اگر ان کی جماعت کو کامیابی ملی تو وہ خیبر پختونخوا میں نوجوانوں کیلئے روزگار کی فراہمی کیلئے منصوبے شروع کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل تنگی کی یونین کونسل ڈھکی میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بڑی تعداد میں نوجوان بے روزگار ہیں جس کی بنیادی وجہ پچھلی حکومت کی عدم توجہی اور صنعتوں کا نہ ہونا ہے۔

انھوں نے لوگوں بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ کھوکھلے نعروں پر یقین کرنے کی بجائے دیانتدار امیدواروں کے حق میں اپنا ووٹ استعمال کریں۔تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ صوبہ میں دس سال برسراقتدار رہنے کے باوجود بھی نہ تو نوجوانوں سے کئے گئے وعدے پورے گئے اور نہ ہی نام نہاد تبدیلی دیکھی گئی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنی نااہلی کی بدولت ملک کو دیوالیہ ہونے کے دہانے پر پہنچا دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے لوگ لوڈشیڈنگ جیسے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی عوام کو مایوس نہیں کرے گی اور ان کی ترقی اور بہبود کیلئے منصوبے شروع کرے گی۔انھوں نے کہا کہ ان کی جماعت خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور ان کا ماضی اس بات کا ثبوت ہے۔ اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے امیدواربرائے حلقہPk-63 یحییٰ جان مہمند کے علاوہ پارٹی عہدیداران و عمائدین بھی موجود تھے۔