ایف ڈی اے سٹی میں شاندار سپورٹس کمپلیکس کھیلوں و تفریح کے شعبہ میں شاہکار منصوبہ ، صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو گا، ڈپٹی کمشنر عبد اللہ نیئر شیخ

منگل 30 جنوری 2024 22:07

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جنوری2024ء) ایف ڈی اے سٹی میں شاندار سپورٹس کمپلیکس کھیلوں و تفریح کے شعبہ میں شاہکار منصوبہ ہے جس کی بدولت صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔یہ بات ڈپٹی کمشنر عبد اللہ نیئر شیخ نے سپورٹس کمپلیکس کے تکمیلی پہلوئوں کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔ اس مثالی سپورٹس کمپلیکس کے میگا پراجیکٹ کا نگران وزیر اعلیٰ پنجاب عنقریب افتتاح کرینگے جس کے بعد ممبرشپ جاری کرنے کا آغاز ہوجائیگا۔

چیف انجینئر ایف ڈی اے مہرایوب نے ڈپٹی کمشنر کو سپورٹس کمپلیکس میں ان ڈور گیمز کیلئے فراہم کردہ سہولیات، تفریح طبع کیلئے دیگر اقدامات اور اس منصوبے کو کامیابی سے چلانے کیلئے مرتب کردہ حکمت عملی کے بارے میں بریفنگ دی۔ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئر نگ ایف ڈی اے طلحہ تبسم، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سید نوید اقبال ودیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے سپورٹس کمپلیکس میں عالمی معیار کے مطابق ان ڈور گیمز کی سہولیات کو بے حد سراہتے ہوئے کہاکہ یہ منصوبہ کھیل و تفریح کے میدان میں گرانقدر اضافہ ہے جس سے شائقین جلدکماحقہ مستفید ہوسکیں گے۔ انہوں نے مردو خواتین کیلئے الگ الگ سوئمنگ پولز، جمینزیم، بیڈ منٹن کورٹس،لان ٹینس اور ٹیبل ٹینس کے قیام کوخوش آئند قرار دیتے ہوئے کہاکہ ان وسیع اقدامات سے معاشرے پر خوشگوار اثرات مرتب ہونگے۔

انہوں نے کھیل وتفریح کی سہولتوں کے ساتھ ساتھ سپورٹس کمپلیکس کو جاذب نظر،دلکش وخوشنما بنانے اور جمالیاتی ذوق کیمطابق تزئین و آرائش کرنے کے سلسلے میں ایف ڈی اے کی کاوشوں کو سراہا اورکہاکہ اسے پائیدار بنیادوں پر منظم انداز میں چلانے کیلئے جامع اور ٹھوس لائحہ عمل مرتب کیاجائیگا۔چیف انجینئر ایف ڈی اے نے بتایاکہ سپورٹس کمپلیکس ہر لحاظ سے تکمیلی مراحل طے کر چکا ہے جس میں مردوخواتین کیلئے ان ڈور کھیلوں کی مذکورہ سہولیات کے علاوہ باسکٹ بال کورٹ، سنوکر، چیس اور کیرم کی کھیلیں بھی شامل ہیں جبکہ 1450فٹ طویل جوکنگ ٹریک بھی اس منصوبے کا حصہ ہے۔

انہوں نے بتایاکہ کچن، ڈائنگ ہال، چلڈرن پلے ایریا، اوپن گرین ایریا، وسیع پارکنگ کے علاوہ، سپورٹس کمپلیکس میں تفریحی کی دیگر سہولیات مہیا کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ مستقبل میں سپورٹس کمپلیکس کو تفریحی سرگرمیوں کے حوالے سے وسعت دینے کیلئے پلان بھی زیر نظر ہے۔