ایف ڈی اے سٹی میں سپورٹس کمپلیکس کا میگا پراجیکٹ مکمل کرلیاگیا ہے، ڈی جی ایف ڈی اے

بدھ 31 جنوری 2024 17:19

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جنوری2024ء) حکومت پنجاب کے خصوصی اقدامات کے تحت 66کروڑ 80لاکھ روپے کی لاگت سے ایف ڈی اے سٹی میں سپورٹس کمپلیکس کا میگا پراجیکٹ مکمل کرلیاگیاہے جس کے عنقریب افتتاح کے بعد ممبر شپ کا آغاز کردیاجائیگا۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس کی تکمیل کے آخری مراحل کا معائنہ کرتے ہوئے بتائی۔

چیف انجینئر ایف ڈی اے مہرایوب گجر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر انجینئرنگ بہرام حسین ودیگرافسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے مردو خواتین کیلئے تیار کردہ جمینزیم میں سازوسامان کی تنصیب و ترتیب اوردیگر مشینری کا معائنہ کیااورکہاکہ جسمانی صحت برقرار رکھنے کے شائقین کیلئے اس سپورٹس کمپلیکس کے جیمینزیم میں انتہائی معیاری اور عمدہ مشینری فراہم کی گئی ہے جبکہ مردوخواتین کیلئے تیار کردہ عمدہ سوئمنگ پولز ملک بھر میں مثالی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بیڈ منٹن کورٹس، سکوائش کورٹس، لان ٹینس کورٹس، ٹیبل ٹینس ہال اور واسکٹ بال کورٹ کا معائنہ کرتے ہوئے تعمیراتی معیار پر اطمینان کا اظہار کیا اور بتایاکہ جدید تقاضوں کے ہم آہنگ بیڈمنٹن کورٹس کی فلورنگ کی گئی ہے جو کہ کھلاڑیوں کے لئے پرسکون اور آرام دہ ہو گی۔انہوں نے جوکنگ ٹریک اور اوپن پلے ایریا اور پارکنگ کی سہولیات کو چیک کیا اور ہدایت کی منصوبے کی دیکھ بھال،حفاظت اور صفائی ستھرائی کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ڈائریکٹر جنرل نے بتایاکہ سپورٹس کمپلیکس کے انتظامی ودفتری نظام کو چلانے کیلئے حکمت عملی طے کرلی گئی ہے جس کے تحت ممبرز کو ان ڈور گیمز اورتفریح طبع کیلئے بہترین ماحول فراہم کیاجائیگا۔