سیکرٹری جنگلات بلوچستان کا لسبیلہ دفترکا دورہ ، مینگروز اوردیگرپلانٹیشن کا معائنہ کیا

بدھ 7 فروری 2024 16:17

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 فروری2024ء) سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات بلوچستان عبد الرؤف بلوچ نے کہا ہے کہ مینگرووز ساحلی علاقوں میں قدرتی رکاوٹوں کے طور پر کام کرتے ہیں اور ساحلی پٹیوں کو کٹاؤ اور طوفان کے نقصانات سے بچاتے ہیں۔مینگرووز مختلف قسم کے پودوں اور جانوروں کے لیے اہم مسکن فراہم کرتے ہیں جو حیاتیاتی تنوع اور ماحولیاتی توازن میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں محکمہ جنگلات کے آفس کے دورے کے موقع پر کیا ۔ اس موقع پرانہوں نے ٹین بلین سونامی پراجیکٹ کے تحت چلنے والی مینگروز اور دیگر پلانٹیشن کا معائنہ کیا اور پلانٹیشن کو بہتر بنانے کے حوالے سے ہدایت بھی جاری کیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ کنزرویٹر آف کوسٹل فاریسٹ حافظ محمد جان جمالی،ڈپٹی کنزرویٹر آف فاریسٹ لسبیلہ خلیل الرحمٰن کھوسہ اور ڈپٹی کنزرویٹر آف فاریسٹ ہنگول نیشنل پارک لسبیلہ شیر احمد کرد بھی تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے مینگروزفاریسٹ کی افادیت اور اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ مینگرووز کاربن ڈائی آکسائیڈ کو مؤثر طریقے سے ذخیرہ کرتے ہیں جو گرین ہاؤس گیسوں کو کم کرکے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ مینگرووز سمندری اور دریائی پانی میں قدرتی فلٹر کے طور پر کام کرتے ہیں، مینگروز کے معاشی فوائد بھی بے شمار ہیں، مینگروز آب و ہوا کی تبدیلی کے ساتھ موافقت جس میں سطح سمندر میں اضافے اور طوفانوں میں اضافے سے تحفظ فراہم کرکے کمیونٹیز کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے مطابق ڈھالنے میں مدد کرتے ہیں یہ مختلف جانداروں کے لیے رہائش اور خوراک کےذرائع فراہم کرتے ہیں، یہ زمین کو سیلابوں، زلزلوں کی شدت سے کسی حد تک بچانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں ، زمین کو برودگی سے محفوظ رکھتے اور بارشوں کا سبب بنتے ہیں۔

مینگروز شجر کاری مہم فطرت کے ساتھ تعلق کو مضبوط کرنے کا ایک سنہری موقع ہے۔مینگروز کے جنگلات مختلف النوع آبی حیات، پودوں اور حیاتیات کے لئے مسکن اور خوراک مہیا کرتے ہیں۔ انہوں نے عوام اپیل کی کہ وہ بلوچستان کو سر سبز و شاداب بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔