جاپان کی خوبصورت ترین خاتون نے اپنا ٹائٹل واپس کردیا

بدھ 7 فروری 2024 22:51

ٹوکیو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 فروری2024ء) مِس جاپان 2024 کا ٹائٹل جیتنے والی 26سالہ ماڈل کیرولینا شینو نے اپنا ٹائٹل واپس کردیا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق اس بار مِس جاپان 2024ء کا ٹائٹل یوکرائن میں پیدا ہونیوالی خاتون ماڈل کو دیئے جانے پر متنازع بن گیا تھا تاہم اسی دوران ایک اور تنازع سامنے آنے کے بعد کیرولینا شینو اپنا ٹائٹل واپس کرنے پر مجبور ہوگئیں۔

(جاری ہے)

رپورٹس کے مطابق مس جاپان کیرولینا شینو کے ایک شادی شدہ ڈاکٹر کیساتھ تعلقات بارے سکینڈل سامنے آنے کے بعد ان پر تنقید مزید تیز کردی گئی تھی۔یہ معاملہ سامنے آنے کے بعد کیرولینا شینو نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ مجھے سپورٹ کرنے والوں کو دھوکہ دینے پر مجھے واقعی افسوس ہے، میں یہ بات ڈر اور گھبراہٹ کے باعث چھپائی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق مس جاپان ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ کیرولینا شینو کی جانب سے مقابلے کے ججوں اور اسپانسرز سے معذرت اور اپنا ٹائٹل ترک کرنے کی درخواست قبول کرلی گئی ہے۔ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ مس کنٹری کا ٹائٹل باقی سال کیلئے خالی رہے گا۔