کراچی،انتخابات میں ہارنے والے آزاد امیدواروں کا قانونی جنگ لڑنے کا فیصلہ

ْسماجی کارکن ایڈووکیٹ جبران ناصر کی سربراہی میں 8رکنی وکلا کی قانونی ٹیم کیسز دائر کرے گی،ذرائع

اتوار 11 فروری 2024 15:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 فروری2024ء) کراچی میں انتخابات میں ہارنے والے آزاد امیدواروں نے قانونی جنگ لڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔سماجی کارکن ایڈووکیٹ جبران ناصر کی سربراہی میں 8 رکنی وکلا کی قانونی ٹیم کیسز دائر کرے گی، سیو گارڈ کراچی ووٹ وکلا پینل تمام جماعتوں کے امیدواروں کا کیس لڑے گا۔ذرائع کے مطابق وکلا کی ٹیم بغیر فیس کے پی ٹی آئی حمایت یافتہ امیدواروں کے مقدمات لڑے گی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق 20 سے زائد امیدواروں نے ایڈووکیٹ جبران ناصر اور وکلا سے ملاقات کی جن میں دوا خان صابر، سیف الرحمان، آفتاب جہانگیر، یاسر بلوچ شامل ہیں۔ملاقات کرنے والوں میں فہیم خان، عالمگیر خان، زین پرویز، محمد طحہ، عبدالقدیر، وجاہت صدیقی، رمضان گھانچی، مراد شیخ، جان شیر جونیجو شامل ہیں۔جبران ناصر نے تمام امیدواروں کی جانب سے کیسز لڑنے کی یقین دہانی کروائی ہے، امیدواروں نے تمام حلقوں سے فارم 45 اور دیگر ثبوت وکلا کو فراہم کردیئے ہیں۔