کراچی ایئرپورٹ،دبئی سے آئے جعلی ویزوں کے حامل 10مسافر گرفتار

پیر 19 فروری 2024 21:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2024ء) ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ائیرپورٹ پر کارروائی کے دوران جعلی اور ٹیمپرڈ ویزوں کے حامل 10 مسافروں کو گرفتار کرکے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سیل منتقل کردیا۔

(جاری ہے)

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق جناح ٹرمینل پر تعینات امیگریشن عملے نے کارروائی کے دوران بیرون ملک سے آئے 10 مسافروں کو گرفتار کرکے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سیل منتقل کیا ہے، ملزمان فلائٹ نمبر FZ333 سے دبئی سے کراچی ائر پورٹ پہنچے تھے، ملزمان کے پاسپورٹس پر جعلی ویزے لگے ہوئے تھے، پاسپورٹس پر لگے ویزوں پر ہولوگرام، واٹرمارک اور دیگر خصوصیات آویزاں نہیں تھیں جبکہ ویزوں پر لگی مہریں بھی ٹمپرڈ شدہ تھیں۔

ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں عاشر رضا، حسنین اشرف، اویس اللہ، مستنصر اقبال، امیر حمزہ، ذیشان اعظم،بلال حسن، فیضان حسن، ارسلان افضل اور علی حمزہ شامل ہیں، ملزمان کا تعلق حافظ آباد اور منڈی بہاالدین سے ہے، ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان زیارت ویزوں پر ایران گئے تھے، ملزمان نے ایجنٹ سے 2 لاکھ فی کس کے عوض عراق کے ویزے حاصل کیے۔