محکمہ تعلیم نے ناقص کارکردگی پر 13 اساتذہ کو شوکاز نوٹس جاری کر دیئے

بدھ 21 فروری 2024 13:33

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2024ء) محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے میٹرک کے امتحانات میں صفر کارکردگی دکھانے والے مختلف کیڈرز کے 13 اساتذہ کو شوکاز نوٹس جاری کر دیئے۔محکمہ تعلیم کے حکام نے بتایا کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے میٹرک کے امتحانات میں ناقص کارکردگی دکھانے والے اساتذہ کو سات دن کے اندر وضاحت دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک 150 سے زائد اساتذہ، پرنسپل اور وائس پرنسپل کو باضابطہ طور پر شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں اور ان سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ تعلیم نے مختلف کیڈرز کے جن 13 اساتذہ کو نوٹس جاری کئے ہیں ان میں گورنمنٹ ہائی اسکول بڈھ بیر کے صلاح الدین، محمد ساجد، محمد زکریا، طارق شاہ، شاہد شہزاد، خالد الرحمان، نوید الرحمان، فواد سعید، گورنمنٹ ہائی سکول نوتھیہ جدید پشاور کے عبدالوہاب، گورنمنٹ ہائی سیکنڈری سکول گڑھی شیرداد پشاور کے محمد فہیم اور گورنمنٹ ہائی سکول جتئی بالا ،پشاور کے غلام سرور خان شامل ہیں. حکام نے بتایا کہ گورنمنٹ ہائی سکول پی اے ایف شاہین کیمپ کے محمد اقبال اور سفیان علی خان کو بھی ناقص کارکردگی پر شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔