لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کا لیسکو افسران کو اچھی کارکردگی پر ایوارڈ دینے کیلئے تقریب کا انعقاد

ہفتہ 24 فروری 2024 17:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2024ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے لیسکو افسران کو اچھی کارکردگی پر ایوارڈ دینے کیلئے ہفتہ کے روز شاندارتقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق تقریب میں چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا جبکہ لیسکو کے موجودہ وسابق سربراہان سمیت پاور سیکٹر سے تعلق رکھنے والے انجینئرز کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر چیف ایگزیکٹو لیسکو نے انجینئرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیسکو ایک مثالی کمپنی اور میری اس کے ساتھ گہری وابستگی ہے۔لیسکو چیف نے افسران کے لئے نیک خواہشات کا اظہار اورامید ظاہر کی کہ وہ لیسکو میں مزید بہتری لے کر آئیں گے ۔چیف ایگزیکٹو نے اپنی ٹیم کی کارکردگی بارے بھی بتایا کہ وہ کس طرح لیسکو کو ترقی کی جانب گامزن رکھے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انجینئرز محدود وسائل ہونے کے باوجود بہترین کارکردگی دکھا رہے ہیں۔چیف ایگزیکٹو نے پر وقار تقریب کے انعقاد پر مینجمنٹ کمیٹی کی کاوشوں کو سراہا۔تقریب کے آخر پر لیسکو آفیسر کلب کی جانب سے مختلف کیڈرز کے افسران کو سال2023-2024ء کے دوران بہترین کارکردگی پر شیلڈز دی گئیں جبکہ سی ای او لیسکو انجینئر شاہد حیدر اور بورڈ ممبر مجاہد اسلام باللہ نے افسران میں انعامات تقسیم کئے۔