اوپن پولو چمپئن شپ برائے قائداعظم گولڈ کپ 2024ء کا فائنل ٹیم ایف جی پولو نے جیت لیا

اتوار 25 فروری 2024 20:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2024ء) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام بینک الفلاح نیشنل اوپن پولو چمپئن شپ برائے قائداعظم گولڈ کپ 2024ء کا فائنل ٹیم ایف جی پولو نے جیت لیا، فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد ٹیم بی این پولو کو 8-6 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولو کلب میں تاریخی نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ برائے قائداعظم گولڈ کپ کا فائنل دیکھنے کیلئے زندہ دلان لاہور ہزاروں کی تعداد میں گرائونڈ میں موجود تھے۔

فیملیز، بچے اور ہر مکتبہ فکر کے لوگوں نے میچ کو بڑے انہماک سے دیکھا۔ میچ قبل سے موٹرسائیکل پریڈ، ونٹیج گاڑیوں کی پریڈ، نیزا بازی، عربین گھوڑوں کا ڈانس ، چھوٹے بچوں نے گھوڑوں پر مختلف کرتب دیکھائے۔ فائنل کے مہمان خصوصی بینک الفلاح کے برانچ بینکنگ ہیڈ اسلامک بینکنگ کے طلال علی رضا، جی ایم سنٹرل ایسٹ بینک الفلاح سید عرفان اختر گیلانی ، لاہور پولو کلب کے صدر ملک اعظم حیات نون اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ایف جی پولو اور بی این پولو کی ٹیموں کے درمیان میچ انتہائی دلچسپ رہا۔ پانچویں چکرکے شروع تک سکور 5-5 سے برابر تھا۔ آخری چکر میں ایف جی پولو کی طرف سے راول لیپ لا سیٹ نے شاندار کھیل پیش کیا ۔ راہول نے پورے میچ میں 6 گول اور اینڈرس لورنٹے نے دو گول سکور کیے ۔بی این پولو کی طرف سے سنٹی لوسا نے تین، حمزہ مواز خان نے دو اور سنٹوس اریٹے نے ایک گول سکور کیا۔

اس طرح ایف جی پولو نے پہلی بار نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ جیتی۔ قبل ازیں سب سڈری فائنل ٹیم اولمپیاء /اے زیڈ بی نے ڈائمنڈ پینٹس /ماسٹر پینٹس کو 4-3 سے ہرا کر سب سڈری فائنل جیت لیا۔ فائنل والے دن لاہور پولو کلب کے سیزن ایوارڈز بھی تقسیم کیے گئے۔ لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سابق صدر لاہور پولو کلب عرفان علی حیدر کو دیا گیا۔ رائیڈنگ سکور کے انسٹرکٹر منور اقبال، سکیورٹی سپروائزر محمد عارف،ڈپٹی گرائونڈز مین محمد علی اور ہیڈ گرائونڈز مین محمد خالد، ایمبولینس کمپنی کے سی ای و محمد نعیم، لاہور پولو کلب کے پولو مینجر محمد عمران اقبال بھٹی، ایڈمن مینجر محمد فیصل، اکائونٹس مینجر محمد عرفان، سال کے بہترین پاکستانی کھلاڑی کا ایوارڈ راجہ میکائل سمیع، بہترین غیرملکی کھلاڑی کا ایوارڈ راول لیپ لا سیٹ کو دیا گیا۔

ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ گول کرنے پر میکس چارلٹن کو ایوارڈ دیا گیا۔ ٹورنامنٹ کی بہترین لوکل گھوڑی کا ایوارڈ راجہ تیمور ندیم کی گھوڑی چینک کو دیا گیا، ٹورنامنٹ کے بہترین گھوڑے کا ایوارڈ دانیال شیخ کے گھوڑے اوپن کو دیا گیا۔ فائنل کی بہترین گھوڑی کا ایوارڈ میاں عباس مختار کی گھوڑی کو دیا گیا۔ اختتامی تقریب میں میڈیا س گفتگو کرتے ہوئے ایف جی پولو کے کپتان میاں عباس مختار کا کہنا تھا کہ پہلی بار نیشنل اوپن جیت کر بہت مزا آیا۔ ٹیم نے محنت کی اور لیگ میں ہم اس ٹیم سے ہارے بھی مگر شاندار کھیل پیش کرکے واپسی کی اور فائنل جیتا۔