کامسٹیک اور الشفا ٹرسٹ کی ٹیم موغا دیشو میں آنکھوں کی سرجری کے لئے کیمپ قائم کرے گی

جمعرات 29 فروری 2024 17:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 فروری2024ء) اسلامی تعاون تنظیم (اوآئی سی) کی سائنسی اور تکنیکی تعاون کی وزارتی قائمہ کمیٹی (کامسٹیک) نے الشفا ٹرسٹ آئی ہسپتال راولپنڈی کے تعاون سے ایک مفت موتیا بند آنکھوں کے سرجری کیمپ کا صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں یکم سے 10 مارچ تک اہتمام کیا ہے۔ جمعرات کو یہاں جاری بیان کے مطابق کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کی خصوصی ہدایات پر کامسٹیک سرجری کیمپ کا انعقاد کر رہا ہے۔

دس روزہ کیمپ کے دوران موتیا کے 400 سے زائد آپریشن کیے جائیں گے۔ اس سے صومالیہ میں متاثرہ لوگوں کی بینائی کی بحالی اور سینکڑوں لوگوں کی زندگیوں میں بہتری آئے گی۔ النور فائونڈیشن اور بینادر یونیورسٹی موغادیشو کیمپ کے لیے ہسپتال کی سہولیات فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان سے سفر کرنے والی میڈیکل ٹیم آٹھ ممبران پر مشتمل ہے جن میں الشفا ٹرسٹ آئی ہسپتال کے چار ماہرین امراض چشم اور دو او ٹی ٹیکنیشنز کے ساتھ کامسٹیک سے ایک پی ایچ ڈی فارماسسٹ اور ایک کوآرڈینیٹر شامل ہیں۔

بیان کے مطابق کامسٹیک الشفاء ٹرسٹ کے چیئرمین میجر جنرل (ریٹائرڈ) رحمت خان کا مفت سرجیکل کیمپ کے انعقاد میں ان کی انمول قیادت اور اقدام پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہے۔ الشفا ٹرسٹ کی فراخ دلی سے مالی اور تکنیکی تعاون نے کامسٹیک کے لیے اپنی خدمات کو موغادیشو کے لوگوں تک پہنچانا ممکن بنایا ہے۔ کامسٹیک اور الشفا ٹرسٹ کے درمیان اس مشترکہ کوشش سے صومالیہ میں لوگوں کی زندگیوں پر نمایاں مثبت اثرات مرتب ہونے کی امید ہے۔ آنکھوں کے مفت کیمپ لگانے کا مقصد نہ صرف بینائی بحال کرنا ہے بلکہ ان لوگوں کی امید اور وقار بھی بحال کرنا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں صومالیہ کے سفارت خانے نے میڈیکل ٹیم کے لیے ویزا کے عمل کو تیز کرنے میں قابل قدر تعاون فراہم کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :