بھارت، ٹرین حادثے میں 12 ہلاک ، متعددزخمی

انگا ایکسپریس میں آگ لگنے کی افواہ سے مسافروں میں بھگدڑ مچ گئی،زخمی اسپتال منتقل

جمعرات 29 فروری 2024 22:33

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 فروری2024ء) بھارت کے جھارکھنڈ میں پیش آنے والے خوفناک ٹرین حادثے کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آسنسول ڈویژن کے جنتارا علاقے میں خلجیریا ریلوے اسٹیشن کے قریب ٹرین حادثہ رونما ہوا، جس کے باعث 12 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

(جاری ہے)

بھاگلپور سے بنگلور جانے والی انگا ایکسپریس میں آگ لگنے کی افواہ سے مسافروں میں بھگدڑ مچ گئی، جس کے نتیجے میں بعض مسافر آگ سے بچنے کے لئے ٹرین سے اتر گئے۔

بعض مسافر مبینہ آگ سے بچنے کے لئے پٹریوں پر دوڑنے لگے، اسی اثنا میں ایک اور لائن پر آرہی ٹرین کی زد میں آگئے جس کے باعث 12 مسافر اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ریلوے پولیس اور مقامی لوگ اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ زخمیوں کو ایمبولینسوں میں قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔ حادثہ میں ہلاک افراد کی نعشیں نکال لی گئیں۔