نیب لاہور 7ماہ کے دوران 9ارب سے زائد رقم متاثرین میں تقسیم کر چکاہے ‘ امجد مجید اولکھ

چیئرمین نیب کی ہدایت پر ڈی جی لاہور کی ماہانہ کھلی کچہری ، متاثرین کی کثیر تعداد نے شرکت کی

جمعرات 29 فروری 2024 22:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 فروری2024ء) قومی احتساب بیورو (نیب )لاہور کے ڈائریکٹر جنرل امجد مجید اولکھ نے چیئرمین نیب کی ہدایات کے مطابق ماہانہ کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں عوام الناس کومنافع کا لالچ دے کر رقوم بٹورنے والے ملزمان کے خلاف متاثرین اور ہائوسنگ سیکٹر کے متاثرین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ڈی جی نیب لاہور امجد مجید اولکھ نے کہا کہ چیئرمین نیب کی واضح ہدایات ہیں کہ عوام سے متعلقہ کیسز کی تحقیقات برق رفتاری سے مکمل کی جائیں اور متاثرین کو ان کے نقصانات کا فوری ازالہ کروا یا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ نیب لاہور 7ماہ کے دوران 9ارب سے زائد رقم متاثرین میں تقسیم کر چکاہے ۔ڈی جی نیب نے لی ولا دی پیرس کے متاثرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ پراجیکٹ انتظامیہ کے خلاف تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ نیب ہیڈ کوارٹرز ارسال کر دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

نیب کے علم میں آیا ہے کہ کچھ شکایت کنندگان انتظامیہ کے جھانسہ میں آ کر اپنی فائلیں سوسائٹی انتظامیہ کو سستے داموں واپس فروخت کر رہے ہیں یا سرٹیفکیٹ کے بدلہ کسی اور جگہ ایڈجسٹمنٹ کر رہے ہیں۔

نیب کی جانب سے متاثرین کواس حوالہ سے تاکیدکی گئی کہ سرٹیفکیٹ ایڈجسٹمنٹ کی صورت میں مذکورہ متاثرین کے کلیم نیب میں قابل قبول تصور نہ ہوں گے اور ریکوری کی صورت میں ایسے متاثرین کے کلیم کینسل ہی تصور کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ کیس میں نیب لاہور تفتیشی ٹیموں نے زیادہ سے زیادہ متاثرین کو سہولت فراہم کرنے کیلئے گوجرانوالہ کی حدود میں باقاعدہ کیمپ لگوائے تاکہ متاثرین اپنے کلیم نیب میں داخل کر سکیں۔

ٹویوٹا گوجرانوالہ موٹرز کے متاثرین کو مخاطب کرتے ہوئے ڈی جی نیب لاہور نے کہا کہ نیب کی جانب سے ٹویوٹا گوجرانوالہ موٹرز کے متاثرین کو آدھی سے زیادہ رقم واپس لوٹائی جا چکی ہے تاہم نیب نے انتظامیہ کی بیش قیمت جائیدادیں ضبط کر رکھی ہیں جن کی فروخت کے بعد متاثرین کو ان کی بقیہ رقوم کی ادائیگی مکمل ہوجائے گی جبکہ نیب متعلقہ پراپرٹیوں کی آکشن کے اقدامات کر رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :