گورنر پنجاب سے ڈپٹی آڈیٹر جنرل کی قیادت میں وفد کی ملاقات، حکومت پنجاب کی اکائونٹس اینڈ آڈٹ رپورٹ پیش کی

جمعہ 1 مارچ 2024 22:47

گورنر پنجاب سے ڈپٹی آڈیٹر جنرل کی قیادت میں وفد کی ملاقات، حکومت پنجاب ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2024ء) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن سے جمعہ کے روزیہاں گورنر ہائوس میں ڈپٹی آڈیٹر جنرل (سینٹرل) طارق بشیر چٹھہ کی قیادت میں وفدنے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ڈپٹی آڈیٹر جنرل(سینٹرل)نے گورنر پنجاب کو حکومت پنجاب کی اکائونٹس اینڈ آڈٹ رپورٹ برائے سال 24-2023 پیش کی۔وفد میں ڈائریکٹر جنرل آڈٹ پنجاب محمد نسیم راشد، ڈائریکٹرآڈٹس اکرام الحق، فریال مگسی اور آڈٹ آفسر (ایڈمن)سید نفیس احمد شامل تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ سرکاری محکموں میں شفافیت اور گورننس بہتر کرنے میں آڈیٹر جنرل کے محکمے کا اہم کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے ادارے جن کا کسی وجہ سے آڈٹ نہیں ہو رہا ،انہیں بھی اس سسٹم میں شامل کرنا چاہیئے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ ادارے کی استعداد کار میں اضافے کے لیے منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم سمیت جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے ۔

اس موقع پر ڈپٹی آڈیٹر جنرل(سینٹرل)طارق بشیر چٹھہ نے ادارے کی کاکردگی میں بہتری لانے کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کے بارے تفصیلی روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ ایسے ادارے جن کا کسی وجہ سے آڈٹ نہیں ہو رہا، انہیں سسٹم میں شامل کرنے کے لیے قانونی تقاضوں کا جائزہ لے کر حکمت عملی بنائیں گے۔ انہوں نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ ادارے میں عملے کی ٹریننگ کا انعقاد مستقل بنیادوں پر کیا جا رہا ہے۔