محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو مارچ میں گھیا توری کی مشہور قسم گھیا توری لوکل کی میدانی علاقوں میں کاشت کی سفارش

ہفتہ 2 مارچ 2024 13:01

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مارچ2024ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو گھیا توری کی مشہور قسم گھیا توری لوکل کی میدانی علاقوں میں کاشت مارچ کے دوران مکمل کرنے کی سفارش کی ہے۔ محکمہ زراعت کے ترجمان نے ایک ملاقات میں بتایاکہ مارچ کے اختتام تک اس کی کاشت مکمل کرکے بہتر پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے جبکہ اسے گندم کی برداشت کے بعد مئی و جون میں بھی کامیابی سے کاشت کیاجاسکتاہے۔

(جاری ہے)

ایک ایکڑ رقبہ پر گھیا توری کی کاشت کےلئے ایک سے ڈیڑھ کلو گرام صحت مند بیج درکار ہوتاہے تاہم بوائی سے قبل امیڈاکلوپرڈ یا تھائیو فینیٹ میتھائل بحساب 2گرام فی کلو گرام بیج کو لگا کر کاشت کریں تاکہ فصل مختلف بیماریوں سے محفوظ رہے۔انہوں نے بتایاکہ مارچ میں کاشت کی گئی فصل اپریل کے آخری ایام سے لے کر جولائی کے آخر تک پھل دیتی ہے جبکہ مئی و جون میں کاشت کی گئی فصل سے اکتوبر ونومبر میں پھل حاصل کیاجاسکتاہے۔ کاشتکار مزید رہنمائی کےلئے ماہرین زراعت یامحکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔