فیصل آباد میں پولیس کاپتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری،1600 مقدمات درج

ہفتہ 2 مارچ 2024 14:58

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مارچ2024ء) فیصل آباد میں پولیس نےپتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے1600 مقدمات درج کرلیے۔ ترجمان پولیس شاہد ملک نے بتایا کہ سی پی او محمد علی ضیاء کے حکم پر انسداد پتنگ بازی ایکٹ کے تحت کریک ڈاؤن جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے تقریباً80ہزار پتنگیں اور4ہزار ڈوریں ضبط کی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ 48 گھنٹوں میں مزید 895 مقدمات پتنگ بازوں اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف درج کئے گئے جبکہ بسنت پر ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 60 ہتھیار بھی برآمد کئے گئے ہیں۔

ملزمان کی گرفتاری کے لئے ڈرونز کیمروں کا استعمال بھی کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی جیسے خونی کھیل کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔پتنگ سازوں اور پتنگ بازوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔