محکمہ زراعت کی ترشاوہ پھلوں کے پودوں کی پیوند کاری کاعمل مکمل کرنے کی سفارش

اتوار 3 مارچ 2024 13:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مارچ2024ء) محکمہ زراعت کی جانب سے باغبانوں کو ترشاوہ پھلوں کے پودوں کی پیوند کاری کاعمل مارچ و اپریل میں مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا ہے کہ پیوند کاری بذریعہ چشمہ یا ٹی بڈنگ اور بذریعہ گرافٹنگ کی جاسکتی ہے۔محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایا کہ جب کھٹی کے پودوں میں رس چلنا شروع ہو جائے اور اس کاچھلکا باآسانی اتر جائے تو پیوندکاری انتہائی آسانی سے کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ چشمہ یاٹی بڈنگ کے ذریعے پیوندکاری کے دوران چشمہ بڑھانے سے پہلے روٹ سٹاک کے پودوں کی 30سے40سینٹی میٹر اونچائی تک چھوٹی شاخیں اتار دی جائیں اور چشمے کو شاخ سے تراشنے کے بعد اس سے لکڑی علیحدہ کرلی جائے کیونکہ اس طرح چشمہ چھال کے اندر ٹی کٹ آسانی سے لگ جاتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ گریپ گروٹ، میٹھے،لیموں کے چشمے کے ساتھ کانٹا ہوتاہے اس لئے روٹ سٹاک پر ٹی کی شکل کانشان چاقو کی مدد سے بنایاجاسکتاہے جس کی لمبائی 2سے 3سینٹی میٹر ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ اگر ٹی بڈنگ کے حوصلہ افزا نتائج حاصل نہ ہورہے ہوں تو ٹی گرافٹنگ سے پیوند کاری کی جاسکتی ہے لیکن اس طریقے کیلئے پیوندی لکڑی کی عمر کم از کم 3ماہ ہونی چاہیے۔ انہوں نے بتایاکہ پیوندی چشمہ کے علاوہ روٹ سٹاک سے پھوٹے ہوئے شگوفے کاٹتے رہناچاہیے ورنہ شگوفے بہت زیادہ بڑے ہو جائیں گے اور اس سے پیوندی چشمے کی نشو ونما پر برااثر پڑے گا۔