او آئی سی۔سی ای آر ٹی کی ایم ڈبلیو سی 2024 کے حوالے سے سائبر سکیورٹی گول میز کانفرنس کا انعقاد

اتوار 3 مارچ 2024 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مارچ2024ء) اسلامی تعاون کی تنظیم ۔کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیمز(او آئی سی۔سی ای آر ٹی) نے موبائل ورلڈ کانگریس(ایم ڈبلیو سی) میں بدلتے ہوئے عالمی سائبر سیکیورٹی منظرنامے اور چیلنجز پر مشترکہ طور پر تبادلہ خیال کے لئے ایک اعلی سطحی صنعتی گول میزکانفرنس کا انعقاد کیا۔ پاکستان میں قائم او آئی سی کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (کامسٹیک)کے تحت منعقد ہونے والی اس تقریب میں عمان، ملائیشیا، متحدہ عرب امارات(یو اے ای)، انڈونیشیا، آذربائیجان، برونائی، مصر، بنگلہ دیش، اردن، نائجیریا، ازبکستان کے 13 ممبران اور تنظیموں نے شرکت کی۔

گول میز کانفرنس کے دوران او آئی سی۔ سی ای آر ٹی کے شریک ارکان نے ایکشن پلان اور اقدامات کو حتمی شکل دی جن میں او آئی سی۔

(جاری ہے)

سی ای آر ٹی 5 جی ورکنگ گروپ اور کلائوڈ سیکیورٹی ورکنگ گروپ، فائیو جی سیکیورٹی اور کلائوڈ سیکیورٹی فریم ورک شامل ہیں۔ اے آئی سیکورٹی اور سپلائی چین سیکیورٹی کے لئے ایک نئے ممکنہ ورکنگ گروپ کی تشکیل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

او آئی سی۔سی ای آر ٹی کے چیئرمین اور عمان نیشنل سی ای آر ٹی(او سی ای آر ٹی) کے ڈائریکٹر جنرل انجینئر بدر علی سید الصالحی نے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک معروف سائبر سیکیورٹی پلیٹ فارم کی حیثیت سے، او آئی سی۔سی ای آر ٹی سائبر اسپیس کو محفوظ بنانے کے لئے پرعزم ہے، اور ہم نے ڈیجیٹل اعتماد پیدا کرنے اور سائبر لچک کو فروغ دینے میں مدد کے لئے دنیا کے معروف سائبر سیکیورٹی ماہرین کو اکٹھا کرنے کے لئے اس خصوصی گول میز اجلاس کی میزبانی کی۔

ہمیں پختہ یقین ہے کہ عالمی تعاون کے ذریعے ہم سائبر خطرات کو کم کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ او آئی سی۔سی ای آر ٹی پروگرام میں کئی اعلی سطحی مقررین نے شرکت کی جنہوں نے اہم موضوعات پر روشنی ڈالی۔ کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کلیدی خطاب کیا جبکہ ہواوے گلوبل سائبر سیکیورٹی اینڈ پرائیویسی پروٹیکشن آفیسر شان یانگ نے ڈیجیٹل اعتماد اور لچک کو فروغ دینے کی ضرورت پر ایک سیشن کی میزبانی کی۔

ہواوے او آئی سی سی ای آر ٹی کا کمرشل ممبر ہے اور ہواوے کے چیف سیکیورٹی آفیسر برائے مشرق وسطی اور وسطی ایشیا ڈاکٹر ایلوئسیئس چیانگ سائبر سیکیورٹی ملائیشیا، او آئی سی-سی ای آر ٹی مستقل سیکریٹریٹ کے ساتھ فائیو جی سیکیورٹی ورکنگ گروپ کے شریک چیئرمین ہیں۔ مصر سے تعلق رکھنے والے ای جی سی ای آر ٹی کے نیشنل کاوش کوآرڈینیشن ڈپارٹمنٹ کی سربراہ سلمی حفیظ نے ڈیجیٹل اعتماد اور لچک کو بڑھانے میں ریگولیٹری اتھارٹیز، صنعتی تنظیموں، انٹرپرائزز وغیرہ جیسے متعدد اسٹیک ہولڈرز کے کردار پر ایک سیشن کی نگرانی کی۔

انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ مفادات کو ہم آہنگ کرکے اور اجتماعی مہارت سے فائدہ اٹھاکر، تنظیمیں اپنے اسٹیک ہولڈرز کی طاقت کو موثر طریقے سے بروئے کارلا سکتی ہیں تاکہ ڈیجیٹل تبدیلی کو آگے بڑھایا جا سکے اور تیزی سے غیر مستحکم اور باہم مربوط دنیا میں لچک کو مضبوط بنایا جا سکے۔ عمان سے او سی ای آر ٹی میں سائبر سیکیورٹی ڈویلپمنٹ کے ڈائریکٹر ایمان احمد اور ہواوے متحدہ عرب امارات کے سینئر سائبر سیکیورٹی اسپیشلسٹ ڈاکٹر ہلک ژانگ نے آئی ٹی یو۔

اے آر سی سی اور ہواوے کے درمیان تعاون کے منصوبے سائبر سیکیورٹی انڈسٹری ڈویلپمنٹ اسٹریٹجی میچورٹی ماڈل(سی آئی ڈی ایس ایم ایم) پر ایک کیس اسٹڈی شیئر کیا۔ اس کے علاوہ کامسٹیک کے مشیر پروفیسر ایس خورشید حسنین نے او آئی سی سی ای آر ٹی اور کامسٹیک کے درمیان تعاون کو بڑھانے کے لئے حکمت عملی سے آگاہ کیا۔