ہم سب کو اپنی آنے والی نسلوں کی بقاء اور سلامتی کے لیے درخت ضرور لگانے چاہیے، کمشنرہزارہ

پیر 4 مارچ 2024 17:59

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مارچ2024ء) کمشنر ہزارہ ڈویژن سید ظہیر السلام نے کہا ہے کہ ہم سب کو اپنی آنے والی نسلوں کی بقاء اور سلامتی کے لیے درخت ضرور لگانے چاہیے،درخت ہمارے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں، درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے اور ہر فرد کو اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا تاکہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز تھائی فارسٹ سکول دہمتوڑمیں محکمہ جنگلات گلیز فارسٹ ڈویژن کے زیر اہتمام سکول کے سبزار میں دیودار کا پودا لگا کر موسم بہار کی شجرکاری مہم کا اغاز کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر کنزرویٹر واٹر شیڈ راحت شیر،ڈی ایف او گلیز فارسٹ ڈویژن شیر یار خان،ڈی ایف او سرن جواد امتیاز خان، ڈی ایف او پٹرولنگ سکواڈ بلال احمد،ڈی ایف او ورکنگ پلان غلام مرتضی خان،اور فارسٹ ڈیپارئمنٹ کے اہکار اوردیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

کمشنر ہزارہ نے سکول کے طلبا اور زمینداروں میں پودے بھی تقسیم کیے اور کہا کہ پودے لگانے کے ساتھ زیادہ ضروری ان کی حفاظت کرنا ہے۔اس موقع پر ڈی ایف او گلیز فارسٹ ڈویژن شہریار خان نے بتایا کہ اس سال موسم بہار کی شجرکاری مہم کے تحت ضلع ایبٹ آباد میں تین لاکھ چھ ہزار مختلف اقسام کے پودے لگائے جائیں گے جن میں سے 25 ہزار پودے محکمہ تعلیم 26 ہزار پودے مقامی کسانوں اور 10 ہزار پودے ایبٹ آباد یونیورسٹی اف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں لگائے گئے ہیں۔