انشورنس پانے کیلئے خاتون کا اپنے زخموں سے متعلق جھوٹ پکڑا گیا

شواہد کی روشنی میں جج نے خاتون کے دعوے کو مبالغہ آمیز قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا

منگل 5 مارچ 2024 14:12

انشورنس پانے کیلئے خاتون کا اپنے زخموں سے متعلق جھوٹ پکڑا گیا
لیمرک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مارچ2024ء) آئرلینڈ کی شہری خاتون نے حادثے میں لگی چوٹوں کے حوالے سے جھوٹ بول کر اپنی 820,000 ڈالرز مالیت کی تمام انشورنس گنوا دی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 36 سالہ دو بچوں کی والدہ کمیلا گریبسکا 2017 میں ایک کار حادثے میں زخمی ہوئی تھیں اور ان کا دعوی تھا کہ چوٹوں کی وجہ سے وہ گھر کے چھوٹے موٹے کام کرنے سے بھی قاصر ہیں۔

تاہم حال ہی میں ان کی سوشل میڈیا پر موجود ویڈیوز اور تصویر جس میں انہوں نے حادثے کے ایک سال بعد کرسمس ٹری پھینکنے کے مقابلے میں حصہ لیا تھا، نے انہیں انشورنس سے محروم کر دیا۔کمیلا نے انشورنس کمپنی RSA کے خلاف آئرلینڈ کے شہر لیمرک کی ایک عدالت میں 820,000 ڈالرز کا مقدمہ دائر کیا۔ خاتون نے دعوی کیا کہ حادثے کے بعد سے ان کی کمر، گردن اور ریڑھ کی ہڈی میں دائمی درد کی وجہ سے وہ کام کرنے سے قاصر ہیں اور اس کے نتیجے میں اب تک انہیں 542,000 ڈالرز سے زائد آمدنی کا نقصان ہوا ہے۔

(جاری ہے)

خاتون نے جج کو بتایا کہ ان کے درد نے انہیں تقریبا بستر سے لگا دیا تھا۔تاہم انشورنس کمپنی کے وکلا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر موجود خاتون کی ویڈیوز اور تصاویر دکھائیں جن میں خاتون نے محض حادثے کے ایک سال بعد ہی کرسمس ٹری پھینکنے کے مقابلوں میں حصہ لیا تھا جس میں وہ بنا کسی تکلیف کے کرسمس ٹری پھینکتے ہوئے دکھائی دے رہی تھیں جبکہ انہوں نے مقابلہ بھی جیتا تھا۔انشورنس کمپنی کے وکلا نے ایک اور ویڈیو بھی دکھائی جس میں خاتون حادثے میں لگی مبینہ چوٹوں کے باوجود اپنے پالتو کتے کے ساتھ ایک گھنٹے تک ریسلنگ کھیلتے ہوئے دکھائی دیں۔مذکورہ بالا شواہد کی روشنی میں جج نے کمیلا گریبسکا کے دعوے کو مبالغہ آمیز قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔