ڈویژنل پبلک سکول و کالج میں سالانہ تقریب ِتقسیم ِانعامات کا انعقاد

بدھ 6 مارچ 2024 16:52

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مارچ2024ء) ڈویژنل پبلک سکول و کالج سرگودھا میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان ِخصوصی کمشنر سرگودھا تھے۔ اس کے علاوہ تقریب میں سنوکر چیمپئن اسجد اقبال، بی او جی ممبران پرنسپل کرنل اشفاق سمیت والدین نے شرکت کی۔ کمشنر سرگودھا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار اور باروزگار بنانے کے لئے ایک جامع حکمت عملی ترتیب دے کر اس پر عملدرآمد وقت کا اہم تقاضا ہے تاکہ نوجوانوں کی مایوسیوں کو خوشی میں بدلا جاسکے اور اُن کی صلاحیتوں کو نکھار کر اُنہیں صحیح معنوں میں قوم کا اثاثہ بنایا جاسکے۔

اُنہوں نے کہا کہ ڈویژنل پبلک سکول علاقے کا بہترین تعلیمی ادادہ کے جو انتہائی مناسب فیس میں اعلیٰ تعلیم فراہم کررہا ہے۔

(جاری ہے)

اُمید ہے کہ یہ ادارہ آنے والے دنوں میں بھی کامیابیوں کا یہ سلسلہ مزید بہتر انداز میں جاری رکھے گا۔ کمشنر نے والدین اور اساتذہ کو طلبہ کے سب سے بڑے محسن قرار دیتے ہوئے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنے ان محسنوں کو کبھی نہ بھولیں کیونکہ کسی بھی انسان کی شخصیت سازی میں اس کے والدین اور اساتذہ کا سب سے اہم کردار ہوتا ہے۔ انہوں نے سالانہ امتحان میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کیے۔ تقریب میں طلبہ نے رنگارنگ ٹیبلوز پیش کرکے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔

متعلقہ عنوان :