خان سورشیم کراچی ریجن سینئر انٹر ڈسٹرکٹ کرکٹ ٹورنامنٹ، زون چھ گرین سیمی فائنل میں پہنچ گئی

بدھ 6 مارچ 2024 20:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مارچ2024ء) خان سورشیم کراچی ریجن سینئر انٹر ڈسٹرکٹ کرکٹ ٹورنامنٹ میں زون چھ گرین سیمی فائنل میں پہنچ گئی،حبیب اللہ نے 144رنز کی اننگز کھیلی۔ریجنل کرکٹ ایسو سی ایشن کراچی کے زیر اہتمام خان سورشیم کراچی ریجن سینئر انٹر ڈسٹرکٹ کرکٹ ٹورنامنٹ میں گزشتہ روز زون چھ گرین نے اپنے آخری گروپ لیگ میچ میں زون چار بلوز کو 144 رنز سے شکست دے کر گروپ ''بی'' سے مسلسل چھ میچز جیت کر سیمی فائنل میں پہنچ گئی ۔

کے سی سی اے اسٹیڈیم پر کھیلے گئے میچ میں زون چھ گرین نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 45اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 327 رنز بنائے۔حبیب اللہ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 19چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے 144، حیدر عباس نے 7چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 66اور حسن محسن نے 2چوکوں اور اتنے ہی چھکوں کی مدد سے 62رنز بنائے۔

(جاری ہے)

عزیر اکبر اور طحہ صدیقی نے 2-2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

جواب میں زون چار بلوز 39.1اوورز میں 235رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ یاسر مشتاق نے 8 چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے 80، فیاض حسین نے 30، علی حیسن نے 26 اور زین انور نے 20 رنز بنائے۔ حامد کریم نے 29رنز دیکر 4اور معز خرم نے 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔لانڈھی جیم خانہ گرائونڈ پر کھیلے گئے دوسرے میچ میں زون تین وائٹس نے زون پانچ گرین کو 34رنز سے ہرا دیا۔ زون تین وائٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 274رنز بنائے۔

امیت رو ی نے 8چوکوں اور3چھکوں کی مدد سے 94، ربیش ا حمد نے 11چوکوں کی مدد سے 67 اور منظر علی نے 21رنز بنائے۔ طلحہ فرید اور محمد زاہد نے 3-3کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں زون پانچ گرین 241 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ راجا لیاقت نے 15چوکوں کی مدد سے 98، کاشان نقوی نے 41، محمد زاہد نے 39اور طلحہ فرید نے 20رنز بنائے۔ ربیش احمد اور نوید احمد نے 3-3جبکہ رضوان احمد اور محمد عباس نے 2-2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

پاک اسٹار گرائونڈ پر کھیلے گئے تیسرے میچ میں زون چار ریڈز نے زون سات ریڈز کو 7وکٹوں سے ہرا دیا۔ زون سات ریڈ ز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 138رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ مزمل طاہر نے 42رنز بنائے۔ ولید احمد اور سید زین نے 3-3 جبکہ خزیمہ الطاف نے 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔جواب میں زون چار ریڈز نے 3وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ 139رنز بنا لئے۔ ولید احمد نے 9چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 56اور اوزید علی نے 39رنز بنائے۔

ٹورنامنٹ کے آخری گروپ لیگ میچ میں زون ایک وائٹس نے زون سات ریڈز کو71رنز سے شکست دے دی۔زون ایک وائٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 261رنز بنائے۔بہادر علی نے 8چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 89، زیبر دلاور نے 8چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 50اور محمد وقاص نے 44رنز بنائے۔علی ہاشمی نے 3اور صبیح صدیق نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔جواب میں زون سات ریڈز 238رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ صادم خان نے 65، لقمان شاہ نے 30، صبیح صدیق نے 24، مزمل طاہر نے 22رنز بنائے۔ حنیف خان اور حماد احمد نے 2-2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔گروپ لیگ کے میچز کے اختتام پر زون چھ کی تین ٹیموں وائٹس ،بلوز اور گرین اور زون چار وائٹس نے سیمی فائنلز کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔