خواتین کے عالمی دن کے موقع پر خواتین کو با اختیار بنانے کے حوالے سے اسلام آباد میں سیمینار کا انعقاد

جمعہ 8 مارچ 2024 22:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مارچ2024ء) خواتین کے عالمی دن کے موقع پر خواتین کو با اختیار بنانے کے حوالے سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جو صنفی مساوات اورخواتین کو بااختیار بنانے کی جانب سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ سیمینار کی میزبانی انٹرنیشنل واٹر مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ نے کی۔ تقریب میں مختلف سٹیک ہولڈرز جن میں عطیہ دہندگان، کارکنان اور کمیونٹی ممبران شامل ہیں نے شرکت کی، تاکہ خواتین کی پائیدار ترقی اور سماجی تبدیلی میں موثر کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے۔

سیمینار کا آغاز "خواتین میں سرمایہ کاری - عطیہ دہندگان کے نقطہ نظر" پر ایک پینل بحث سے ہوا جس میں یورپی یونین، یو کے ایڈ، یو ایس ایڈ ، ورلڈ بینک اور آس ایڈ کے نمائندوں نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اس سیشن نے خواتین کو بااختیار بنانے اور صنفی مساوات کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کو یقینی بنانے کے لیے سرمائے کے موثر استعمال کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

تقریب کی ایک خاص بات "خواتین میں سرمایہ کاری: ترقی کو یقینی بنانا - خواتین کی آوازوں اور رائے کو اہمیت دینا" کے موضوع پر سیشن تھا جس میں پاکستان بھر سے خواتین کسانوں کے متاثر کن سفر کی داستانیں پیش کی گئیں۔ ان کی کہانیوں نے خواتین کی معاشی ترقی میں ان کے کردار اور صنفی عدم مساوات کو چیلنج کرنے میں ان کے عزم اور مثبت کردار پر روشنی ڈالی۔

محسن حفیظ ڈائریکٹر واٹر فوڈ اینڈ ایکو سسٹم، کنٹری نمائندہ آئی ڈبلیو ایم آئی نے تقریب سے خطاب کے دوران کہا آج کی تقریب کا بنیادی مقصد صنفی مساوات کے لیے کام کرنے کی ضرورت پر روشنی ڈالنا اور اسے یقینی بنانا ہے، خواتین کو بااختیار بنانا کسی بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اولین شرط ہے۔ انجینئر احمد کمال چیئرمین فیڈرل فلڈ کمیشن وزارت آبی وسائل نے خواتین کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اسلام کی مثال پیش کی اور حاضرین کو بیٹیوں کے بارے میں رسول پاکﷺ کے ارشادات یاد دلائے۔

اس اہم موضوع پر ایک جامع پینل ڈسکشن میں نیشنل ڈیزاسٹر رسک منیجمنٹ فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بلال انور، فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس کی اقتصادی مشیر نغمہ تحنیات جرال اور یو ایس ایڈ/پاکستان کی نمائندگی کرنے والے ڈویلپمنٹ سپیشلسٹ محمد نواز نے اظہار خیال کیا۔ اس سیشن کی افادیت میں اضافے کے لیے ضلع اوکاڑہ، ضلع ڈی آئی خان، اور ٹانک، بہاولپور کی خواتین کاشتکاروں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب نے نہ صرف خواتین کی کامیابیوں کا جشن منایا بلکہ پائیدار ترقی کے اہداف کی جانب پیشرفت کو تیز کرنے کے لیے آئی ڈبلیو ایم آئی اور اس کے شراکت داروں کی خواتین میں سرمایہ کاری اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے کوششیں تیز کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔