عطاء اللہ تارڑ کا علی امین گنڈاپور کیخلاف تیمور جھگڑا کے کرپشن الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ

دھاندلی کا شومچانے والوں کی کرپشن دھاندلی بے نقاب ہو چکی ،بانی پی ٹی آئی نے کرپشن کو ادارہ جاتی شکل دی، بیرسٹر سیف کے وضاحتی بیان سے کرپشن چھپائی نہیں جا سکتی،بیان

جمعہ 8 مارچ 2024 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مارچ2024ء) مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطا اللہ تارڑ نے علی امین گنڈاپور کیخلاف تیمور جھگڑا کے کرپشن الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ دھاندلی کا شومچانے والوں کی کرپشن دھاندلی بے نقاب ہو چکی ہے ،بانی پی ٹی آئی نے کرپشن کو ادارہ جاتی شکل دی، بیرسٹر سیف کے وضاحتی بیان سے کرپشن چھپائی نہیں جا سکتی ۔

تفصیلات کے مطابق ایک بیان میں مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطا اللہ تارڑ نے تیمور جھگڑا کے کرپشن الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ تیمور جھگڑا نے پی ٹی آئی کی کرپشن کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے، علی امین گنڈاپور پر الزامات قابل تحقیق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی کا شومچانے والوں کی کرپشن دھاندلی بے نقاب ہو چکی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تیمور جھگڑا کے کرپشن اور رشوت کے سنگین الزامات کی تحقیقات کا کمیشن بننا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ صاف چلی شفاف چلی کے پردے میں کرپشن کی کتنی بھیانک کہانی چھپی ہے، قوم نے اپنی آنکھوں سے دیکھ اور کانوں سے سن لیا ہے ، بیرسٹر سیف کے وضاحتی بیان سے کرپشن چھپائی نہیں جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ کروڑوں روپے کے عوض عہدوں کی فروخت نیا انکشاف نہیں، وفاق، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں یہ شواہد پہلے بھی سامنے آ چکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کرپشن کو ادارہ جاتی شکل دی،190 ملین پائونڈ، القادر ٹرسٹ، خانہ کعبہ کے عکس والی گھڑی، ہیرے کی انگوٹھیاں اور ہار، ٹرانسفر پوسٹنگ کی لوٹ سیل، فارن فنڈنگ، مالم جبہ، بی آر ٹی، ہیلی کاپٹر، ادویات سکینڈل، بلین ٹری سونامی مسلسل کرپشن کے چند ثبوت ہیں۔