Live Updates

پنجاب میں نئے سٹیڈیم بنائے جائیں گے اور پرانے سٹیڈیم کی حالت کو بھی بہتر کیا جائے گا، فیصل ایوب کھوکھر

اتوار 10 مارچ 2024 18:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2024ء) صوبائی وزیر کھیل و امورنوجوانان پنجاب فیصل ایوب کھوکھر نے کہا ہے کہ ماس ریسلنگ چیمپئن شپ میں بڑی تعداد میں خواتین کی شرکت خوش آئند ہے، پنجاب حکومت کی طرف سے یہ وعدہ ہے کہ اپنے کھلاڑیوں پر بڑی رقم خرچ کریں گے،کھلاڑیوں کو جدید سہولیات فراہم کریں گے تاکہ وہ انٹرنیشنل سطح پر کھیل سکیں،ہماری کوشش ہے کہ پنجاب کے ثقافتی گیمز کو پورے پاکستان سمیت دنیا میں متعارف کرائیں ،ماس ریسلنگ چیمپئن شپ کے انعقاد پر ڈپٹی کمشنر لاہور کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمنازیم ہال نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں ساتویں ماس ریسلنگ چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر کیا ہے، فیصل ایوب کھوکھر اور کرغستان کے سفیر اولان بیگ نے ماس ریسلنگ کھیل کر چیمپئن شپ کا افتتا ح کیا جبکہ ڈپٹی کمشنر لاہور رافعیہ حیدر نے ماس ریسلنگ چیمپئن شپ کو اوپن کیا ہے۔

(جاری ہے)

چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 300 سے زائد کھلاڑیوں اور آفیشلز نے شرکت کی ہے۔

صوبائی وزیر کھیل پنجاب فیصل ایوب کھوکھرنے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ سب اداروں کو کھیلوں میں لے کر آئیں، کھیل ہماری زندگی کا اہم حصہ ہے اسے اہمیت دینے کی ضرورت ہے،پنجاب میں نئے سٹیڈیم بنائے جائیں گے اور پرانے سٹیڈیم کی حالت کو بھی بہتر کیا جائے گا، سپورٹس کمپلیکس کی فیسوں کا دوبارہ جائزہ لیں گے تاکہ طلبا اور کھلاڑی زیادہ سے زیادہ ممبرشپ لے سکیں۔

آج ماس ریسلنگ میں 100 سے زائد خواتین حصہ لے رہی ہیں،ملک کی پہلی خاتون وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی بدولت آج خواتین کو نمایاں مقام حاصل ہے،انہوں نے مزید کہا ہے کہ پنجاب میں سپورٹس کی بحالی کیلئے میگا سپورٹس پلان لیکر آئے ہیں، ہمارا مقصد کھلاڑیوں کی فلاح وبہبود ہے، کبڈی کو کرغستان میں متعارف کروائیں گے۔ڈپٹی کمشنر لاہور رافیعہ حید ر نے کہا ہے کہ آج پورے ملک سے ٹیمیں شریک ہیں،خواتین کی بڑی تعداد کی شرکت خوش آئند ہے،اگلی مرتبہ اس سے بھی بڑا ایونٹ کروائیں گے،سفیرکرغستان اولان بیک نے کہا ہے کہ پاکستان میں ماس ریسلنگ کا بہت ٹیلنٹ ہے،ہمیں خوشی ہے پاکستان کے تمام علاقوں سے کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں،پنجاب میں سپورٹس کی شاندار سہولیات موجود ہیں،حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر سپورٹس کے فروغ کیلئے کام کریں گے۔

Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات