سعودی رضا کار حرمین الشریفین میں حجاج کی خدمت کے لیے پیش پیش

جمعہ 15 مارچ 2024 17:43

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مارچ2024ء) ہر سال پوری مملکت کے سعودی باشندے عازمینِ حج کی مدد اور حرمین الشریفین کے دورے کو ہر ممکن حد تک آسان بنانے کے لیے رضاکارانہ طور پر اپنا وقت دیتے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مکہ میں زائرین ان نوجوان سعودی مرد و خواتین کی تخلیقی صلاحیتوں اور لگن کا مشاہدہ کرتے ہیں جو اپنے علم، صلاحیتوں اور مہارتوں کو غیر معمولی خدمات فراہم کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

سعودی ویژن 2030 کے حصے کے طور پر مملکت 2030 تک 10 لاکھ رضاکاروں تک پہنچنے کے ہدف کے ساتھ رضاکارانہ سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔مکہ مکرمہ میں رضاکارانہ کاموں کا ایک وسیع سلسلہ ہے بشمول عازمین کی مسجد الحرام تک اور وہاں سے نقل و حمل میں مدد، ہوائی اڈے کی منتقلی کا انتظام ، پانی کی بوتلوں کی تقسیم، کھانا پیش کرنا اور غیر عربی بولنے والوں کے لیے ترجمہ کرنا۔

(جاری ہے)

حجاج کی رہنما اور رضاکار رانیہ شودری نے کہا مکہ مکرمہ میں رضاکارانہ کام ان لوگوں کے لیے ایک بہترین موقع ہے جو معاشرے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔شودری نے کہاکہ مملکت میں رضاکاروں کے لیے مختلف شعبوں میں بہت سے مواقع موجود ہیں مثلا سماجی خدمات، صحت کی نگہداشت، تعلیم، انسانی امداد، اور دعوت و رہنمائی۔ لوگ ہسپتالوں، سکولوں، سماجی خدمات کے دفاتر اور حرمین الشریفین میں بھی رضاکارانہ طور پر کام کر سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ رضاکار تقریبات اور پروگراموں کو منظم کرنے، ضرورت مندوں کے لیے نفسیاتی اور سماجی مدد فراہم کرنے اور آگاہی اور تعلیمی مہمات میں حصہ لینے میں بھی اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔جو لوگ رضاکارانہ کام کرنا چاہتے ہیں وہ مکہ مکرمہ میں مقامی تنظیموں میں شامل ہو سکتے ہیں یا رضاکارانہ کام کو منظم کرنے اور رضاکاروں کی تربیت کے ذمہ دار حکام سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

شودری کے مطابق مملکت میں رضاکارانہ کام کے لیے اعلی درجے کے نظم و ضبط اور عزم کی ضرورت ہوتی ہے اور بعض شعبوں میں اجازت نامے اور تربیت سے متعلق مخصوص تقاضے ہوتے ہیں۔ جگہ اور تقریب کی نوعیت کے لحاظ سے حفاظتی طریق کار اور خصوصی پروٹوکول کا بھی اطلاق ہو سکتا ہے۔حرمین الشریفین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی نے عرب نیوز کو بتایا کہ مسجد الحرام میں رضاکارانہ کام کے تین درجات ہیں جن کا انحصار ان کاموں کو انجام دینے کے لیے درکار مہارتوں پر ہے۔