ویسٹ مینجمنٹ کا پائیدار ماڈل تیار کیا جائے، سیکرٹری بلدیات

جمعہ 15 مارچ 2024 22:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مارچ2024ء) سیکرٹری بلدیات پنجاب شکیل احمد میاں نے ہدایت کی ہے کہ کوڑا کرکٹ کو جدید طریقوں سے ٹھکانے لگانے کے ماڈل کو صوبہ بھر میں نافذ کرنے کے لئے ویسٹ مینجمنٹ کا پائیدار ماڈل تیار کیا جائے۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے مرکزی کنٹرول روم کے دورے کے موقع پر بریفنگ کے بعد انہوں نے کہا کہ وزیراعلٰی پنجاب کے ویژن کے مطابق شہروں کے ساتھ دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی پر بھی خصوصی فوکس کریں۔

دیہی علاقوں میں حکومت پنجاب لوکل کمیونٹی کی شمولیت سے صفائی کا پائیدار ماڈل تیار کررہی ہے۔ حکومت پنجاب دیہی علاقوں میں میونسپل سروسز کی فراہمی کے لئے مطلوبہ مشینری سمیت ہر ممکن وسائل فراہم کرے گی۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سی ای او بابر صاحب دین نے ایل ڈبلیو ایم سی کی لائیو فیلڈ آپریشنل ورکنگ اور پراجیکٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے استعمال سے تمام گاڑیوں کی روٹس آپٹیمائزیشن کے بارے میں بھی بتایا۔ بابر صاحب دین نے لینڈ فل گیس کے منصوبے کے حوالے سے آگاہ کیا کہ پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر لینڈفل سائٹ کے قریب 5 انڈسٹریز کو گیس کی فروخت کی جا رہی ہے۔ سیکرٹری بلدیات پنجاب شکیل احمد میاں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں حکومت پنجاب لوکل کمیونٹی کی شمولیت سے صفائی کا پائیدار ماڈل تیار کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایل ڈبلیو ایم سی کی طرز پر دیگر ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں میں بھی مانیٹرنگ سسٹم کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔ بریفنگ اجلاس کے دوران سپیشل سیکرٹری بلدیات آسیہ گل، ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ماریہ طارق، ایڈیشنل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ارشد بیگ، مینجر ایم آئی ایس نثار احمد، مسعود تمنا، جنرل مینجر پی ایم ڈی ایف سی اور جنرل مینیجر آئی ڈی صہیب رفیق بھی موجود تھے۔

سیکرٹری بلدیات نے ورکرز کی ڈیجیٹل حاضری اور وہیکل مانیٹرنگ سسٹم کا بھی جائزہ لیا۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور فنانشیل ایکسپرٹس نے کوڑے کی ڈمپنگ، سیگریگیشن، ری سائیکلنگ، مانیٹرنگ ٹیکنالوجی کے بارے میں بتایا۔ سیکرٹری بلدیات نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت لوکل کمیونٹی کا بھرپور تعاون حاصل کرنے اور شہریوں میں جامع آگاہی مہم چلانے کی ہدایت بھی جاری کی۔