جمعیت علمائے اسلام ضلع جیکب آباد کے سینئر نائب امیر مولانا فدا احمد ڈول دل کا دور ہ پڑنے سے انتقال کر گئے

پیر 18 مارچ 2024 13:31

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2024ء) جمعیت علمائے اسلام ضلع جیکب آباد کے سینیئر نائب امیر مولانا فدا احمد ڈول اس فانی دنیا سے 53 سال کی عمر میں دل کے دورے کے باعث انتقال کر گئے ۔ درگاہ بیر شریف کے سجادہ نشین مولانا عبد العزیز قریشی نماز جنازہ کی امامت کی،جس میں سیاسی، مذہبی رہنماؤں اور بڑی تعداد میں شہریوں سمیت جے یو آئی سندھ کے نائب امیر سید سراج احمد شاہ امروٹی، درگاہ ہالیجوی شریف کے سائیں عبدالمنان ہالیجوی، بزرگ مولانا عبدالباقی آف کوئٹہ، درگاہ جرار پہوڑ کے مولانا عبداللہ، ضلعی امیر اور شہری اتحاد کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر اے جی انصاری، مرکزی شوریٰ کے رکن مولانا عبداللہ جتک، چیمبرس آف کامرس کے احمد علی بروہی، شیعہ علماء کونسل کے بندہ علی جعفری، مھران سوشل فورم کے ایڈوکیٹ عبد الحئی سومرو، سید شاہ محمد شاہ، سید عبدالباسط شاہ،مولانا شمس الدین، معززین منصب علی خان جکھرانی، نورالرحمان خان جکھرانی، مولانا عبدالجبار رند، حافظ میر محمد بنگلانی، مولانا نصرااللہ گھنیوچاکر خان جکھرانی اور دیگر نے شرکت کی، مرحوم ایک خداپرست اور انسان دوست شخصیت تھے۔

(جاری ہے)

مرحوم نے پوری زندگی دین کی سربلندی اور غریبوں کی خدمت میں گزاری، انہوں نے برسات کی تباہ کاریوں میں فلاحی اداروں کے تعاون سے سینکڑوں عوام کو گھر بناکر دیئے۔ ان کے والد مرحوم مولانا فیض محمد ڈول بڑے عالم تھے جنہوں نے جیکب آباد میں مدر سہ قاسم العلوم ادارے کا بنیاد رکھا، جس میں طلبہ اور طالبات کو دینی اور دنیاوی تعلیم دی جاتی ہے، جے یو آئی کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد، سابق وفاقی وزیر محمد میاں سومرو، صوبائی اسمبلی کے ارکان ڈاکٹر سہراب سرکی، شیر محمد مغیری اور دیگر نے مرحوم کے ورثا سے فون پر تعزیت کی، مولانا فدا احمد کے بھائی در محمد ڈول، مفتی کفایت اللہ ڈول، فرزندان سراج احمد ڈول، شعیب احمد ڈول اور حسین احمد ڈول سے تعزیت کی جا رہی ہے ۔ \378