نئے تعلیمی سال کے آغاز تک تمام سکولوں میں طلبائوطالبات کو درسی کتابوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے ،فیصل ترکئی

پیر 18 مارچ 2024 23:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2024ء) خیبر پختونخوا کے وزیرتعلیم فیصل خان ترکئی نے کہاہے کہ نئے تعلیمی سال کے آغاز تک تمام سکولوں میں طلبائوطالبات کو درسی کتابوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ بچوں کی تعلیم کا سلسلہ متاثر نہ ہو۔بجٹ معاملات کیلئے وہ خود محکمہ خزانہ اوردیگراعلیٰ حکام سے بات کریں گے تاکہ بروقت بجٹ جاری ہو اور سپلائی مکمل ہوسکے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے خیبرپختونخواٹیکسٹ بک بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیئرمین ٹیکسٹ بک بورڈ فرالثقلین، سپیشل سیکرٹری محکمہ تعلیم اسفندیارخٹک، ممبرٹیکسٹ بک بورڈ ولی خان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔وزیرتعلیم کوبریفنگ میں بتایاگیاکہ پبلشرزکیساتھ معاملات ٹھیک جارہے ہیں اور ابھی تک تقریباً 28 فیصد کتابوں کی سپلائی کاعمل مکمل کیاگیا ہے جبکہ ہماری کل ڈیمانڈ تقریباً 3کروڑ 39 لاکھ کتابیں ہیں۔

(جاری ہے)

صوبہ بھر میں کتابوں کی بروقت سپلائی کیلئے پرائمری لیول پر 453 سرکلز اور سیکننڈری لیول پر82 سرکلز قائم کئے گئے ہیں اور کتابوں کی سپلائی اپریل کے دوسرے ہفتے سے شروع ہوجائیگی۔ انہیں مزید بتایاگیاکہ امسال کتابوں کی سپلائی کی مقدار کو کم رکھاگیاہے اور حکومت کی پالیسی کے مطابق ہائی اور ہائیرسیکنڈری سکول لیول پر بچوں کو سابقہ طلباکے زیراستعمال کتابیں فراہم کی جائیگی۔

اس سے ایک تو اخرجات کنٹرول ہوں گے اور بچوں کو بروقت کتابوں کی سپلائی بھی یقینی بنائی جائیگی۔وزیرتعلیم فیصل خان ترکئی نے حکام کو ہدایت کی کہ پبلشرز کیساتھ مسلسل رابطے میں رہیںاورٹائم لائن کے مطابق کتابوں کی سپلائی پرکام جاری رکھاجائے۔ وزیرتعلیم نے کہاکہ مالی مسائل ضررو ہیں مگر تعلیم اولین ترجیح ہے اور ہم ہرممکن کوشش کریں گے کہ سکولوں میں موجود بچوں کو کولٹی تعلیم فراہم کرنے اور سکولوں سے باہر بچوں کو سکولوں میں لانے کیلئے ہرممکن اقدامات کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ بروقت منصوبہ بندی کے تحت دورافتادہ اورپہاڑی علاقوں کے سکولوں میں کتابوں کی سپلائی کیلئے الگ لائحہ عمل تیارکریں تاکہ وہاں کی سپلائی بھی لیٹ نہ ہو۔ انہوں نے یہ ہدایت بھی کی کہ سابقہ کتابوں کو زیراستعمال لانے کیلئے طریقہ کار کے مطابق سکولوں کے پرنسپلز اورذمہ داروں کو ہدایات جاری کی جائیں۔

متعلقہ عنوان :