کاشتکار بہاریہ سورج مکھی کی کاشت 25مارچ تک مکمل کرلیں ،ترجمان محکمہ زراعت

منگل 19 مارچ 2024 12:56

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2024ء) ترجمان محکمہ زراعت سیالکوٹ نے کہا ہے کہ کاشتکار بہاریہ سورج مکھی کی کاشت 25مارچ تک مکمل کرلیں ۔ترجمان محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کے نام پیغام میں کہا کہ سورج مکھی کی کاشت کے لئے ایسی زمین جس میں نمی برقرار رکھنے کی صلاحیت موجود ہو اور وہ زیادہ ترریتلی وکلراٹھی نہ ہو مذکورہ فصل کے لئے انتہائی موزوں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سورج مکھی کی کاشت سے قبل زمین کو اچھی طرح ہموار کرلیناچاہئیے تاکہ آبپاشی میں آسانی رہے۔ انہوں نے کہا کہ زمین کو ہموار کرنے اور سورج مکھی کا بیج کاشت کرنے سے قبل زمین میں گہرا ہل چلاکر زمین کو تیار کیاجائے اور فصل کو بوائی کے لئے منظور شدہ بیج کا استعمال بھی یقینی بنایاجائے۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف علاقوں میں موسمی حالات کے باعث مختلف اقسام پیداوار فراہم کرتی ہیں لہذا اگر محکمہ زراعت کے فیلڈسٹاف کی مشاورت سے بوائی کے لئے بیج کا چناکیاجائے تو اس کا زیادہ فائدہ ہوسکتاہے۔